شمالی کوریا میں رہنماؤں کی شخصیت پرستی
29 دسمبر 2011ایک ایسے ملک میں جہاں رہنماؤں کی شخصیت پرستی عام چلن ہو، یہ کوئی اچنبھے کی بات نہیں لگتی۔ نئے رہنما کِم جونگ اُن ملک کی تریسٹھ سالہ تاریخ میں کِم خاندان کے تیسرے فرد ہیں جو ملک کا عنان اقتدار سنبھال رہے ہیں۔ ان سے قبل ان کے والد کِم جونگ اِل نے سترہ برس تک جبکہ دادا کِم اِل سُنگ نے اس ملک پر چھیالیس سال تک راج کیا تھا۔
ایک روز قبل یعنی 28 دسمبر کو کِم جونگ اِل کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کورین سینٹرل نیوز ایجنسی نے نئے رہنما کے بارے میں کہا تھا: ’’عزت مآب کامریڈ کم جونگ اُن ہماری پارٹی اور فوج کے اعلٰی ترین رہنما ہیں جنہیں کِم جونگ اِل سے روح، قیادت، متاثر کن شخصیت، اخلاقی اقدار اور استقامت جیسی خوبیاں ورثے میں ملی ہیں۔‘‘
آنجہانی رہنما کو توپوں اور رائفلوں سے فائرنگ کی گھن گرج اور ملک بھر میں سائرن اور ہارن بجا کر شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ان کی میت والی گاڑی کو دارالحکومت کی سڑکوں پر تین گھنٹے تک آہستہ آہستہ چلایا جاتا رہا جس دوران سڑکوں پر کھڑے لاکھوں افراد غم و اندوہ کی شدت سے زار و قطار روتے اور سسکیاں بھرتے رہے۔
ماتمی جلوس کے بعد کِم جونگ اِل کی میت کو کم سوسن میموریل پیلس میں رکھ دیا گیا جہاں شمالی کوریا کے بانی اور ان کے والد کی محفوظ شدہ لاش پہلے ہی پڑی ہے۔
جمعرات کو بھی شمالی کوریا کے منجمد کر دینے والے درجہ حرارت میں عوام کی بڑی تعداد کِم اِل سُنگ چوک میں خاموش کھڑی رہی۔ سرکاری ذرائع ابلاغ میں آنجہانی رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کے دور میں ملک نے جوہری طاقت اور میزائلوں کی ٹیکنالوجی حاصل کی جس نے اسے مزید مضبوط بنا دیا۔
نئے رہنما کِم جونگ اُن کے بارے میں خیال ہے کہ ان کی عمر بیس کی دہائی میں ہے اور انہیں رہنما کے طور پر تیار کرنے کے لیے زیادہ وقت نہیں ملا۔ پہلی بار ذرائع ابلاغ میں ان کا ذکر اور تعارف گزشتہ برس کرایا گیا تھا جب ان کے آنجہانی والد نے انہیں فور اسٹار جنرل نامزد کیا اور انہیں حکمران جماعت کورین ورکرز پارٹی میں اعلٰی عہدے دیے گئے۔
تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شمالی کوریا کی سپریم پیپلز اسمبلی کے چیئرمین آف دی پریزیڈیم کِم یونگ نام نے کہا تھا کہ شمالی کوریا ’’کامریڈ کِم جونگ اُن کی قیادت میں اس غم کو ہزار گنا طاقت اور ہمت میں تبدیل کرتے ہوئے عظیم رہنما کِم جونگ اِل کے اختیار کردہ سب سے پہلے فوج کے راستے پر مضبوطی سے گامزن رہے گا۔‘‘
یہ چیز اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ نئی قیادت کے باوجود شمالی کوریا کی پالیسیوں میں کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔
رپورٹ: حماد کیانی / خبر رساں ادارے
ادارت: مقبول ملک