1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا نئے جوہری دھماکے کے لئے تیار؟

21 اپریل 2010

امریکہ اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی جانب سے نئے ایٹمی تجربے کی تیاریوں پر مبنی رپورٹ مسترد کر دی ہے۔ جنوبی کوریا کے ایک نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ پیانگ یانگ حکام مئی یا جون میں تیسرا نیوکلیئر ٹیسٹ کرنے جا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/N1Xd

نشریاتی ادارے YTN نے یہ رپورٹ نامعلوم سفارتی ذرائع کے حوالے سے دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے ان تیاریوں کا آغاز رواں برس فروری میں کر دیا تھا۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیانگ یانگ حکام قبل ازیں کئے گئے دو تجربوں کے مقابلے میں اس مرتبہ بہتر تکنیکی مہارت حاصل کر چکے ہیں۔ پہلے تجربوں کو جزوی طور پر کامیاب قرار دیا گیا تھا۔

تاہم جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ Yu Myung-hwan نے رپورٹ رَد کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیول حکام کو ایسے کوئی شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے ایک نیوزکانفرنس سے خطاب میں کہا، ’اگر شمالی کوریا ایسی تیاری کر رہا ہے، تو ایسے حالات بھی ضرور پیدا ہوں گے، جن سے تیاریوں کا اندازہ لگایا جا سکے۔ تاہم ایسا نہیں ہے۔‘

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے بھی اس رپورٹ پر شبہات کا اظہار کیا ہے۔

Nordkorea Symbolbild Flagge und Rakete
شمالی کوریا نے گزشتہ برس مئی میں بھی ایک ایٹمی دھماکہ کیاتصویر: AP Graphics

شمالی کوریا تقریبا ایک سال سے اس تنازعے پر عالمی مذکرات کا بائیکاٹ کئے ہوئے ہے۔ اس نے بات چیت کے عمل کی بحالی کے لئے شرائط مقرر کر رکھی ہیں، جن میں اقوام متحدہ کی جانب سے نافذ کردہ پابندیوں کا خاتمہ بھی شامل ہے۔

یہ پابندیاں پیانگ یانگ کی جانب سے اب تک کے آخری ایٹمی تجربے کے بعد نافذ کی گئیں، جو گزشتہ برس مئی میں کیا گیا تھا۔ ان حالات میں شمالی کوریا کی معیشت بحران کا شکار ہے۔

خبررساں ادارے روئٹرز نے ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ تیسرے ٹیسٹ سے ایٹمی ہتھیار بنانے کے لئے شمالی کوریا کی صلاحیت بہتر ہو جائے گی، تاہم اسے حاصل ہتھیاروں کے لئے ضروری مواد بھی کم ہو جائے گا۔

ماہرین نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ شمالی کوریا مزید تجربہ کر کے مذاکرات میں اپنی پوزیشن بہتر بنانا چاہتا ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں