1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شہباز تاثیر کی رہائی کیسے ہوئی، تحقیقات ہوں گی

افسر اعوان10 مارچ 2016

پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ مقتول سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کی رہائی کن حالات میں ہوئی ہے اس پر تحقیقات کی جائیں گی۔ یہ اعلان اس رہائی کے لیے 10 ملین ڈالرز کی ادائیگی کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IARi
تصویر: picture-alliance/dpa/T.Mughal

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ابتدائی رپورٹوں میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی خصوصی دستوں نے 33 سالہ شہباز تاثیر کو اسلامی عسکریت پسندوں سے بازیاب کرایا تھا۔ تاثیر کو پانچ برس قبل لاہور سے اغوا کیا گیا تھا۔ شہباز تاثیر منگل آٹھ مارچ کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی شہر کچلاک کے ایک ہوٹل سے ملے تھے۔ تاہم ان کی بازیابی کے بعد ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ یہ رہائی دراصل قریب 10 ملین امریکی ڈالرز کے بدلے عمل میں آئی ہے۔ پاکستانی روپوں میں یہ رقم ایک ارب بنتی ہے۔

آج جمعرات 10 مارچ کو پاکستانی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس معاملے کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’حقائق مختلف ہیں‘، تاہم انہوں نے اس کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

شہباز تاثیر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے ہیں۔ سلمان تاثیر کو ان کے ایک گارڈ ممتاز قادری نے توہین رسالت کا الزام عائد کرتے ہوئے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ ممتاز قادری کو انتیس فروری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پھانسی دی گئی ہے۔

شہباز تاثیر کوئٹہ کے نواحی شہر کچلاک کے ایک ہوٹل سے ملے تھے
شہباز تاثیر کوئٹہ کے نواحی شہر کچلاک کے ایک ہوٹل سے ملے تھےتصویر: picture-alliance/AP Photo

اے ایف پی کے مطابق نثار علی خان کا یہ اعلان پاکستان کے مختلف ٹیلی وژن چینلز پر کچلاک کے اُس ریسٹورنٹ کے مالک کا انٹرویو چلائے جانے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں شہباز تاثیر کی بازیابی والے دن کے بارے میں تفصیلات شامل ہیں۔

ریسٹورینٹ کے مالک محمد سلیم کے مطابق میلے کپڑوں میں ملبوس ایک شخص ان کے ریسٹورنٹ میں آیا جس کی داڑھی بڑھی ہوئی تھی۔ اُس شخص نے وہاں کھانا کھایا اور پھر فون مانگ کر ایک کال کی۔ سلیم کے مطابق ایک گھنٹے بعد پاکستانی ملٹری کا ایک قافلہ آیا اور اس شخص کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر اسے ایک گاڑی میں بٹھا کر وہاں سے لے جایا گیا۔ سلیم کے مطابق اُس نے ٹیلی وژن پر دکھائی جانے والی تصاویر کے بعد پہچانا کہ وہ شخص دراصل شہباز تاثیر تھا۔

ریسٹورنٹ مالک کے اس بیان کے بعد یہ اطلاعات عام ہوئیں کہ شہباز تاثیر کی رہائی کے لیے تاوان ادا کیا گیا ہے، حالانکہ یہ بات واضح نہیں تھی کہ وہ کس عسکریت پسند گروپ کے قبضے میں ہیں۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق تاوان کی ادائیگی ہوئی ہے تاہم باقاعدہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔