1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بننے والی فلم کا پریمئر

ارسلان خالد5 ستمبر 2013

’ڈیانا‘ ایک ایسی فلم ہے جو ویلز کی شہزادی لیڈی ڈیانا کی حقیقی زندگی پر بنائی گئی ہے۔ آج جمعرات کے روز اس متنازعہ فلم کے پریمئر میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ ناؤمی واٹس اپنے کردار کا دفاع کرتی دکھائی دیں۔

https://p.dw.com/p/19chD
تصویر: picture-alliance/afp

اس فلم میں ڈیانا کا پاکستانی نژاد برطانوی سرجن حسنات خان سے معاشقہ دکھایا گیا ہے۔ شہزادی ڈیانا کہ بہت سے دوستوں کے مطابق ڈیانا کو حسنات سے حقیقی محبت تھی اور وہ اسے ’مسٹر ونڈرفل‘ کہا کرتی تھی۔

اس فلم کی کہانی 2001ء میں کیٹ سنیل کی شائع ہونے والی کتاب "Diana: Her Last Love" پر مبنی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ڈیانا نے ڈوڈی فائد سے ڈیٹنگ حسنات خان کو جلانے کے لیے شروع کی۔ ڈیانا اور ڈوڈی کا انتقال 1997ء میں پیرس میں اس وقت ہوا جب مرسڈیذ گاڑی جس میں وہ دونوں سفر کر رہے تھے ایک سرنگ سے ٹکرا گئی تھی۔

2001ء میں فلم "Mulholland drive" سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ناؤمی واٹس نے ڈیانا فلم کے پریمئر پر اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے شہزادی ڈیانا کا کردار ادا کر کہ اپنے لیے خطرہ مول لیا ہے۔

فلم میں ڈیانا اور حسنات خان کا کردار ادا کرنے والے اداکار
فلم میں ڈیانا اور حسنات خان کا کردار ادا کرنے والے اداکارتصویر: 2013 Concorde Filmverleih/Photo: Laurie Sparham

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے خیال میں کیا اس فلم سے ڈیانا کے بیٹے شہزادہ ولیم اور ہیری ناراض ہوں گے تو ان کا کہنا تھا، ’’مجھے امید ہے کہ اگر وہ یہ فلم دیکھیں گے تو وہ یہ محسوس کریں گے کہ ہم نے سب کچھ انتہائی احترام سے دکھایا ہے۔ ہم نے ممکنہ بہترین انداز میں ان کے کردار کی عکاسی کی ہے‘‘۔

برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم فلم کے پروڈیوسر رابرٹ برینسٹائن نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہی خاندان نے انہیں فلم کی کچھ شوٹنگ کینسنگٹن گارڈن میں کرنے کی اجازت دی جہاں ڈیانا جاگنگ کے لیے جایا کرتی تھیں۔

تنقید کاروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واٹس کی ڈیانا سے مشابہت انتہائی کم ہے اور انہیں فلم کی شوٹنگ کے لیے نقلی ناک لگانا پڑی۔ اس فلم میں خان کا کردار بھارتی نژاد برطانوی اداکار نوین ایندریوز نے ادا کیا ہے۔

حسنات خان اب بھی برطانیہ میں کام کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ اس فلم کو دیکھنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔