1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہنیدر لینڈز

صدیوں تک انسانوں کو غلام بنانے پر نیدرلینڈز معافی مانگے گا

19 دسمبر 2022

نیدرلینڈز صدیوں تک انسانوں کو غلام بناتے رہنے پر معافی مانگنے کے تاریخی اقدام کی تیاریاں کر رہا ہے۔ ماضی میں غلام بنائے جانے والے ایسے لاکھوں انسانوں کی موجودہ نسل کے نمائندوں کے مطابق صرف معذرت کرنا ہی کافی نہیں ہو گا۔

https://p.dw.com/p/4LAHv
slavery racism protest demonstration Amsterdam
انسانوں کی غلاموں کے طور پر تجارت کے حوالے سے نیدرلینڈز کا تاریک ماضی: ایمسٹرڈم میں ایک احتجاجی مظاہرے کے شرکاءتصویر: Imago/Paulo Amorim

یورپی ملک نیدرلینڈز کی طرف سے انسانوں کو غلام بنانے کی روایت کے خاتمے کو آج قریب ڈیڑھ سو سال ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے ڈچ حکومت اب باقاعدہ معافی مانگنے کے تاریخی اقدام کی تیاریاں کر رہی ہے۔ لیکن ماضی میں غلام بنائے جانے والے لاکھوں انسانوں کے موجودہ لواحقین جن سے معافی مانگی جائے گی، ان کا کہنا ہے کہ ان سے کوئی مشورہ نہیں کیا گیا اور ماضی میں کیے گئے ان جرائم پر صرف معافی مانگنا ہی کافی نہیں ہو گا۔

دنیا بھر میں پانچ کروڑ انسان ’جدید غلامی‘ کا شکار، اقوام متحدہ

نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈم میں شہر سے گزرنے والی بہت سی نہروں میں سے ایک کے کنارے انتہائی امیر شہریوں کے رہائشی علاقے گولڈن بَینڈ میں ہیرن گراخت نامی سڑک پر شہر کے میئر کی سرکاری رہائش گاہ کے سامنے ایک خاتون کھڑی ہیں، جن کا نام جینیفر ٹوش ہے۔ یہ خاتون سیاہ فام باشندوں کی میراث سے متعلق ایمسٹرڈم کے سیاحتی دورے کرانے والی تنظیم ’بلیک ہیریٹیج ٹورز ایمسٹرڈم‘ کی بانی ہیں۔

جینیفر ٹوش خود تو امریکہ میں پیدا ہوئی تھیں لیکن ان کے والدین کا تعلق سوری نام سے تھا۔ وہ ایمسٹرڈم کے میئر کی سرکاری رہائش گاہ کے مرکزی دروازے کے سامنے زمین پر نصب ایک چوکور دھاتی یادگار کی طرف اشارہ کرتی ہیں، جس پر لکھا ہوا ہے: ''جب تک یاد زندہ ہے، دکھ رائیگاں نہیں جائے گا۔‘‘

تبصرہ: برازیل کی آزادی کے دو سو سال - ایک ٹوٹے ہوئے وعدے کی کہانی

یہ عمارت 1672ء میں تعمیر کی گئی تھی۔ اس کی تعمیر کروانے والے کاروباری شخص کا نام پاؤلوس گوڈین تھا۔ وہ ڈچ ویسٹ انڈیا کمپنی کے منتظمین میں سے ایک تھا۔ ہیرن گراخت کینال کے کنارے رہنے والے اپنے دیگر ہمسایوں کی طرح یہ شخص بھی اپنے دور کا بہت امیر تاجر تھا۔ اس نے بھی اپنی دولت کا کم از کم ایک بڑا حصہ انسانوں کو غلام بنانے سے ہی حاصل کیا تھا۔

Amsterdam Paulus Godin Slave trade slavery
ایمسٹرڈم کے میئر کی سرکاری رہائش گاہ (پرچم والی عمارت)، غلاموں کی تجارت سے ہونے والی آمدنی سے تعمیر کردہ جائیدادتصویر: Sushmitha Ramakrishnan / Astrid Benölken DW

چھ لاکھ غلام نیدرلینڈز لائے گئے

انسانوں کو غلام بنانے اور ان کی تجارت کے صدیوں پر محیط دور میں نیدرلینڈز میں بحری جہازوں کے ذریعے افریقہ سے تقریباﹰ چھ لاکھ انسان غلام بنا کر لائے گئے تھے۔ غلاموں کی یہ تجارت بحر اوقیانوس کے آر پار انسانوں کی تجارت کے مجموعی حجم کے تقریباﹰ پانچ فیصد کے برابر تھی۔ ان غلاموں کو بعد ازاں سوری نام اور کُوراکاؤ کی ڈچ نوآبادیوں کے علاوہ شمالی اور جنوبی امریکی براعظموں میں کئی دیگر یورپی ممالک کی نوآبادیوں میں بھی پہنچا دیا گیا تھا۔

بھارت کے دلت اور چین کے ایغور غلامی کی جدید شکلیں، اقوام متحدہ

نیدرلینڈز کی طرف سے غلام بنائے گئے افریقی غلاموں کو جبری طور پر بحر ہند میں کئی ڈچ نوآبادیوں میں بھی پہنچایا گیا تھا، جن میں مثال کے طور پر موجودہ انڈونیشیا بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا میں بالی اور جاوا سے غلام بنائے گئے انسانوں کو ان کے ڈچ تاجروں نے تب آج کے جنوبی افریقی خطے میں بھی پہنچا دیا تھا۔

انسانوں کی اس سمندری مال برداری کے دوران بہت سے غلام ہلاک بھی ہو گئے تھے۔ جو بچ گئے تھے وہ اور ان کی اولادیں یورپی نوآبادیوں میں کھیتوں میں غلاموں کے طور پر انتہائی سفاکانہ حالات میں مشقت کرتے رہنے پر مجبور کر دی گئی تھیں۔

صدیوں پہلے کے والی نام غلام کی ہولناک کہانی

انسانوں کی غلاموں کے طور پر تجارت کرنے والے ڈچ تاجر ماضی میں کیا کچھ کرتے رہے تھے، اس کی ایک دل ہلا دینے والی مثال والی (Wally) نامی ایک غلام کی بھی ہے۔ ڈچ نوآبادی سوری نام میں 1707ء میں ایسے غلاموں نے جو بغاوت کی تھی، ان میں گنے کے کھیتوں میں کام کرنے والا ایک غلام والی بھی شامل تھا۔

خلیجی ممالک میں غلامی کی تاریخ

اس کی زندگی کی کہانی اس تاریخی نمائش میں بھی شامل کی گئی تھی، جس کا اہتمام گزشتہ برس ایمسٹرڈم کے رائش میوزیم نامی شاہی عجائب گھر میں کیا گیا تھا۔

Amsterdam Jennifer Tosch slavery
نیدرلینڈز کے تاریک ماضی کی یاد کو زندہ رکھنے والی ’بلیک ہیریٹیج ٹورز ایمسٹرڈم‘ کی بانی جینیفر ٹوشتصویر: Ella Joyner/DW

والی کو اپنے آقاؤں کی حکم عدولی پر جو سزا دی گئی تھی، اس کے تحت دہکتی ہوئی دھاتی چمٹیوں سے اس کے جسم سے کھال ادھیڑ دی گئی تھی اور بعد ازاں اسے زندہ جلا دیا گیا تھا۔ یہی نہیں والی کی موت کے بعد اس کا سر کاٹ کر ایک نیزے پر چڑھا دیا گیا تھا اور کئی دن تک اس کی اس لیے سرعام نمائش کی جاتی رہی تھی کہ باقی تمام غلام عبرت پکڑیں۔

حکومتی معذرت کا مقصد

نیدرلینڈز کی ثقافتی تاریخ کی ماہر جینیفر ٹوش کہتی ہیں کہ انسانوں کی غلام بنانے او ان کی تجارت کی ڈچ روایت ڈھائی صدیوں سے بھی زیادہ عرصے پر محیط تھی۔ اس کی باقیات اور اثرات آج کے ایمسٹرڈم میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس شہر کے باسیوں میں ماضی کی غلاموں کی موجودہ نسلیں بھی شامل ہیں۔

دنيا بھر ميں تقريباﹰ تين کروڑ خواتين غلامی پر مجبور

جینیفر ٹوش نے جب 2013ء میں 'بلیک ہیریٹیج ٹورز ایمسٹرڈم‘ کی بنیاد رکھی، تو ان کا مقصد مقامی باشندوں اور غیر ملکی سیاحوں کو ماضی کے ان تلخ حقائق سے آگاہ کرنا تھا، جنہیں صدیوں تک 'دانستہ طور پر نظر انداز‘ کیا جاتا رہا۔ جینیفر ٹوش کہتی ہیں کہ وہ جدید ڈچ معاشرے کی میراث اور تاریک ماضی سے متعلق اس مجرمانہ خاموشی کو توڑنا چاہتی تھیں، جو تب تک تقریباﹰ ہر جگہ اختیار کی جاتی تھی۔

ساحل خطے میں صدیوں سے جاری غلامی کی اذیت، ابھی تک ختم نہ ہوسکی

اب لیکن زمانہ بدل چکا ہے اور اس کے تقاضے بھی۔ ڈچ حکومت کا ارادہ ہے کہ وہ آج پیر انیس دسمبر کے روز ماضی میں غلاموں کے طور پر انسانوں کی تجارت میں اپنے کردار پر باقاعدہ طور پر معافی مانگ لے گی۔

National Slavery Monument in the Oosterpark in Amsterdam
نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈم کے اوسٹر پارک میں غلاموں کی تجارت کے خلاف تعمیر کردہ یادگارتصویر: Remko de Waal/ANP/AFP

ڈچ حکومت اس بارے میں پہلی مرتبہ باقاعدہ طور پر معافی مانگنے کی جو تیاریاں کر رہی ہے، اس بارے میں چند سرکاری دستاویزات کی خفیہ تفصیلات گزشتہ ماہ ہی ملکی میڈیا میں شائع ہو گئی تھیں۔ اس کے بعد سے حکومت نے کچھ بھی کہنے سے احتراز کیا مگر یہ معاملہ تب سے اب تک مسلسل ملکی ذرائع ابلاغ میں شہ سرخیوں کا موضوع بنا ہوا ہے۔

اربوں یورو کا مالی ازالہ، تلافی گروپوں کا مطالبہ

آج کے نیدرلینڈز میں ماضی کے غلاموں کی موجودہ نسلوں کے نمائندہ افراد اور تنظیموں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ان سے ممکنہ معذرت سے متعلق کوئی مشورہ نہیں کیا اور ماضی کے رویوں سے متعلق صرف کوئی معذرت ہی کافی نہیں ہو گی۔

برازیل میں دور غلامی کے زخم آخر بھرتے کیوں نہیں

سوری نام نیشنل ریپئیر کمشین کے سربراہ ارمانڈ زنڈر کہتے ہیں کہ حکومت نے ممکنہ طور پر 200 ملین یورو اس مقصد کے لیے مختص کرنے کا ارادہ کیا ہے کہ ملک میں انسانوں کو غلام بنانے کے ماضی کے رویوں سے متعلق عوامی شعور بیدار کیا جائے۔ اس کے علاوہ 27 ملین یورو اس سلسلے میں ایک نئے میوزیم کی تعمیر کے لیے بھی مختص کیے جائیں گے۔

ارمانڈ زنڈر کے بقول یہ معمولی سے علامتی اقدامات کافی نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا، ''جو کچھ جس وسیع پیمانے پر تباہ کیا گیا، اس کی مرمت، ازالہ اور تلافی بھی اسی پیمانے پر کیے جانا چاہییں۔‘‘ زنڈر کے مطابق منصفانہ تلافی اور ازالے کے لیے صرف چند سو ملین یورو نہیں بلکہ اربوں یورو درکار ہوں گے۔

م م / ا ا (ایلا جوائنر، ایمسٹرڈم)

امریکی ریاست مسیسیپی نے اپنا پرچم بدلنے کا فیصلہ کیوں کیا؟