1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طرابلس کے مضافات میں نیٹو طیاروں کی بمباری

21 اپریل 2011

معمر قذافی کی فوجوں کو شکست دینے اور باغیوں کی مدد کے لیے فرانس اور اٹلی نے بھی برطانیہ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے عسکری مشیر لیبیا میں باغیوں کے زیر اثر علاقوں میں بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/111bd
تصویر: dapd

طرابلس حکومت نے خبردار کیا ہے کہ غیر ملکی فوجیوں کی تعیناتی معاملے کو مزید پیچیدہ کر دے گی۔ لیبیا سے موصولہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے طیاروں نے دارالحکومت طرابلس کے نواحی علاقے خلة الفرجان میں بمباری کی ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق نیٹو کی بمباری سے سات شہری جاں بحق ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کم از کم 18 نہتے شہری اسی بمباری کی زد میں آ کر زخمی بھی ہوئے۔

سرکاری ٹیلی وژن نے ان حملوں کو ’صلیبیوں کے جبر‘ کا نام دیا ہے، جس میں مکانوں کی تباہی اور مکینوں کے جاں بحق ہونے کو رپورٹ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف تین یورپی ملکوں، برطانیہ، فرانس اور اٹلی کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ وہ باغیوں کی محض تکنیکی، مال برداری اور انتظامی امور کی تربیت کے لیے وہاں اپنے مشیر بھیج رہے ہیں، نہ کہ لڑنے کے لیے۔ پیرس میں فرانسیسی دفتر خارجہ کے ایک ترجمان کے بقول ان کے ملک نے باغیوں کے زیر انتظام شہر بن غازی کے لیے خصوصی نمائندے کے ساتھ ساتھ چند رابطہ افسران بھی متعین کر دیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس کا بنیادی مقصد شہریوں کی سلامتی اور امدادی سامان کی بہتر تقسیم کو ممکن بنانا ہے۔

Libyen Gaddafi Treffen Afrikanische Union
معر قذافی طرابلس میں اپنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے، فائل فوٹوتصویر: dapd

لندن میں وزیر خارجہ ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے 12 فوجی مشیر لیبیا کے مشرقی حصے کی جانب بھیجے جائیں گے۔ اطالوی حکومت نے اپنے ایسے ہی 10 مشیر لیبیا بھیجنے کا عندیہ دیا ہے۔

واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صدر باراک اوباما اس فیصلے سے آگاہ اور اس کے حمایتی ہیں۔ امریکی صدر واضح کر چکے ہیں کہ وہ امریکی فوجی لیبیا نہیں بھیجیں گے البتہ یہ مصدقہ اطلاعات اپنی جگہ ہیں کہ واشنگٹن نے لیبیا کے باغیوں کے لیے 25 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے بقول وہ معاملے کے سیاسی حل کی خواہاں ہیں تاہم اس کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔

معمر قذافی کی فورسز کی طرف سے محاصرہ شدہ اور باغیوں کے زیر انتظام شہر مصراتہ کے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ باغی وہاں شدت سے غیر ملکی فوجی مدد کے منتظر ہیں۔ فرانس میں صدر نکولا سارکوزی سے ملنے کے بعد باغیوں کی عبوری قومی کونسل کے سربراہ مصطفیٰ عبد الجلیل نے کہا کہ اتحادی فورسز کے بڑے آپریشن سے جلد ہی قذافی کو اقتدار سے علٰیحدہ کر دیا جائے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک