عالمگیر وزیر کو کس نے اٹھایا؟
1 دسمبر 2019پاکستان میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اغوا کی اس کارروائی میں انٹیلیجنس اہلکار ملوث ہو سکتے ہیں۔
عالمگیر وزیر نے جمعے کو مال روڈ پر طلبہ مارچ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مظاہرے سے خطاب کیا تھا۔
ان کے ساتھیوں کے مطابق عالمگیر کا ہفتے دوپہر تین بجے کے بعد سے کسی سے کوئی رابطہ نہیں۔ اطلاعات ہیں کہ انہیں سادہ کپڑوں میں ملبوس کچھ افراد گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔
عالمگیر وزیر رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے کزن ہیں اور پشتون تحفظ مومنٹ سے وابستہ رہے ہیں۔
عالمگیر وزیر نے طلبہ مارچ کے موقع پر اپنے خطاب میں پاکستان کی فوجی قیادت کی پالیسوں پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ، "ہم ان سے کہہ رہے تھے کہ ہمیں تعلیم دو، انصاف دو اور روڈ دو۔ لیکن یہ ہمیں بندوق دے رہے تھے۔‘‘
انہوں نے کہا، ''ہم ان سے کہہ رہے تھے کہ ہمیں دہشت گرد نہ بناؤ، غنڈہ گرد نہ بناؤ لیکن انہوں نے ہمارے لوگوں کو طالبان اور دہشت گرد بنایا۔‘‘
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی فوج بلوچستان اور وزیرستان میں مقامی آبادی کو ان کے معدنی وسائل سے محروم کرکے خود ان پر قبضہ کر کے بیٹھ گئی ہے۔