عالمی ثقافت، رواں سال بڑے ایونٹس
بیتھوفن، رامشٹائن، رافائل اور کریسٹو: دو ہزار بیس میں عالمی سطح پر کئی بڑی تقریبات منعقد ہو رہی ہے۔ آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں۔
بیتھوفن کے ڈھائی سو برس
مشہور زمانہ جرمن موسیقار لڈوِگ فان بیتھوفن کی درست تاریخ پیدائش سے کوئی واقف نہیں، مگر انہیں یقیناﹰ 17 دسمبر 1770 کو بپستمہ دیا گیا تھا۔ اسی تناظر میں بیتھوفن کی ڈھائی سوويں سال گرہ کی تقریبات ان کے شہرِ پیدائش بون سے لے کر ویانا تک ہی نہیں بلکہ جاپان تک میں منائی جا رہی ہیں۔ جاپان میں سن 1983 سے ہزاروں افراد مل کر بیتھوفن کی نوین سیمفونی گاتے ہیں۔
میٹروپولیٹن میوزم آف آرٹ کے ڈیڑھ سو برس
نیو یارک کے میٹروپولیٹن میوزم آف آرٹ کو دنیا کا مشہور ترین میوزیم تصور کیا جاتا ہے۔ اس سال اس میوزیم کے قیام کے ڈیڑھ سو برس مکمل ہو رہے ہیں اور اس تناظر میں وہاں کئی خصوصی نمائشوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ میٹ کے نام سے مشہور اس میوزیم میں جرمن مصور گیرہارڈ رِشٹر کے فن پاروں کی نمائش بھی ہو گی۔
رامشٹائن کا دورہ
ایک دہائی کے وقفے کے بعد ہارڈ راک بینڈ رامشٹائن مارچ 2019 میں ’ڈوئچلانڈ‘ کے ساتھ سامنے آیا۔ اس موسیقی کے متنازعہ ٹکڑے میں جرمنی کے نازی فاشسٹ دور اور تشدد کی تاریخ کو پیش کیا گیا۔ یوٹیوب پر اس ویڈیو کو نوے ملین سے زائد افراد نے دیکھا۔ مئی میں اس بینڈ نے اپنا ایلبم ریلیز کیا اور دوبارہ کانسرٹس شروع کیے، مئی 2020 میں یہ بینڈ دوبارہ مختلف مقامات پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا آغاز کرے گا۔
برلن فلم فیسٹیول میں نئے ڈائریکٹرز
پچھلے اٹھارہ برسوں سے ڈیٹر کوسلِک بریلنالے کہلانے والے برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے منتظم ہیں۔ ان کی جگہ لینے کے اعتبار سے ایک تندوتیز بحث کے بعد 70ویں برلینالے کے لیے ایک نئی انتظامی ٹیم تشکیل پا گئی ہے۔ اس فلم فیسٹیول کے نئے ڈائریکٹرز جرمن فلمز کی سابقہ ڈچ مینیجنگ ڈائریکٹر میریتی ریزن بیک اور اٹلی کے لوکارنو فلم فیسٹیول کے سابقہ ڈائریکٹر کارلو چارتیان ہوں گے۔
جرمن قصبے ٹیوبنگن میں بھی جشن
بیتھوفن 1770 میں پیدا ہوئے تھے، مگر مشہور شاعر فریڈریشن ہولڈرلِن اور گیورگ وِلہیلم فریڈرِش ہیگل بھی اسی سال پیدا ہوئے تھے۔ جرمن صوبے باڈن ووٹنبرگ میں اس صوبے کی ان دو عظیم شخصیات کی ڈھائی سو سالہ سال گرہ تقریبات کا جشن منایا جا رہا ہے۔ اس میں ٹیوبنگن میں انیسویں صدی کے اوئل کے شاعر ہولڈرلِن کے گھر پر انہیں کے نام سے موسوم ٹاور کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔
اپنی تصویریں بنانے والا مصور رافائل
یہ سال اطالوی رینیسانس مصور کا 500 واں سال وفات ہے۔ اس تناظر میں رواں برس برلن، واشنگٹن، لندن اور پیرس سمیت دنیا بھر میں اس پینٹر کے شاہ کار نمائش کے لیے رکھے جا رہے ہیں۔ برلن کی گیمیلڈے گیلری میں پہلے ہی اسی تناظر میں ایک نمائش شروع بھی ہو چکی ہے۔
1945 کی یادیں، جنگ سے امن تک
2020 ميں دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کی 75 سالہ تقریبات بھی منائی جار ہی ہیں۔ یورپ میں یہ جنگ آٹھ مئی 1945 کو جرمنی کے ہتھیار ڈالنے پر ختم ہو گئی تھی۔ اس موقع پر جرمنی اور یورپ بھر میں کئی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں، جس میں اس جنگ کے آثار اور جنگ کے بعد خصوصاﹰ یورپ میں امن کے دوام کے موضوع پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ جرمنی رواں برس سابقہ مشرقی اور مغربی جرمنی کے اتحاد کی 30 ویں سال گرہ بھی منا رہا ہے۔
دبئی میں ایکسپو 2020
عرب دنیا میں پہلی مرتبہ رواں برس متحدہ عرب امارات ایک عالمی نمائش کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے ٹیکنالوجی، ثقافت اور آرکیٹیکچر سے متعلق نمونے پیش کیے جائیں گے۔ دبئی میں اس نمائش کا آغاز اکتوبر کی 20 تاریخ کو ہو گا اور اس کا نعرہ ہے، ’’کنیکٹنگ مائنڈز، کریٹینگ فیوچر‘ یا ’دماغوں کا جوڑ، مستقبل کی تخلیق۔‘‘