1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہعراق

عراق، روڈ حادثے میں ایرانی زائرین سمیت 18 افراد ہلاک

2 ستمبر 2023

عراقی دارالحکومت بغداد میں ایک روڈ ایکسیڈنٹ کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک جبکہ پندرہ زخمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4VsbA
Senegal 40 Tote bei Busunfall - dreitägige Staatstrauer
تصویر: Cheikh Dieng/AFP

سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی این اے نے صلاح الدین صوبے کے ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر خالد برہان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ یہ حادثہ دجیل اور سمارا کے درمیان پیش آیا۔

مارے جانے والے افراد میں زیادہ تر ایرانی زائرین تھے جو کربلا میں منعقد ہونے والی مجالس میں شرکت کے لیے رخت سفر تھے۔ ٹھیک ایک برس قبل بھی ایک ایسے ہی حادثے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

صلاح الدین میں ایک طبی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ گزشتہ شب دو منی بسیں آپس میں ٹکرا گئیں تھیں جس سے 18 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔

مقامی ہسپتال کے ایک اور اہلکار نے شناخت خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ مرنے والوں میں 14 ایرانی اور دو افغان شامل ہیں جبکہ دو افراد کی شناخت ابھی باقی ہے۔

علاقے کی ٹریفک اتھارٹی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مرنے والوں میں دو ڈرائیور بھی شامل ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ واقعہ ایک ڈرائیور کے سو جانے کے باعث پیش آیا۔ اس اہلکار نے، جس نے ڈرائیور کے سو جانے کی خبروں کا حوالہ دیا، کہا کہ منی بسوں میں سے ایک مخالف لین میں جا گھسی جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

یوم عاشورہ پر پاکستان بھر میں ماتمی جلوس

لاکھوں شیعہ مسلمان زائرین ہر سال کربلا میں منعقد ہونے والی مجالس میں شرکت کے لیے عراق جاتے ہیں۔  اربعین، دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک ہے۔ اربعین 680 عیسوی میں یزیدی افواج کے ہاتھوں پیغمبر اسلام کے نواسے امام حسین کے قتل کے لیے 40 روزہ سوگ کے اختتام کے طور پر منعقد کیا جاتا ہے۔

عراق کی وزارت داخلہ کی طرف سے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس سال اربعین میں اب تک 2.6 ملین سے زیادہ زائرین عراق پہنچ چکے ہیں۔ اربعین کے موقع پر روڈ ایکسیڈنٹ معمول کی بات ہیں۔ رواں ہفتے پیش آنے والے چار سڑک حادثات میں 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئےہیں۔

تیل کی دولت سے مالامال لیکن تنازعات کی زد میں گھرے ملک عراق میں بد عنوانی نے ملک کے بنیادی ڈھانچے بشمول سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری، موبائل فون کا استعمال اور ڈرائیونگ کے دوران لاپراہی بھی حادثات کا باعث بنتی ہے۔

وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق عراق میں گزشتہ سال سڑک حادثات میں 4,900 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔

ر ب /ع ب (اے ایف پی)