1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

العبادی امریکا سے ادھار پر ہتھیاروں کے حصول کی کوشش میں

عاطف توقیر12 اپریل 2015

عراقی وزیراعظم حیدر العبادی امریکی صدر باراک اوباما سے اربوں ڈالر کے ڈرون اور دیگر امریکی ہتھیاروں کی ترسیل کی درخواست کریں گے۔ العبادی اگلے ہفتے اپنے دورہ واشنگٹن کے موقع پر صدر اوباما سے ملاقات کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1F6f0
تصویر: picture-alliance/dpa/Olivier Hoslet

ایک سینیئر عراقی عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اپنے دورہ امریکا کے موقع پر العبادی امریکی صدر اور حکام سے درخواست کریں گے کہ عراق کو ادھار پر ہتھیار فراہم کر دیے جائیں، تاکہ ملک کے ایک بڑے علاقے پر قابض شدت پسند گروہ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف سرکاری فورسز کی کارروائیوں میں تیزی لائی جا سکے۔

عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی وجہ سے عراق بجٹ کو 21 ارب ڈالر خسارے کا سامنا ہے۔ اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس اعلیٰ عراقی حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ وزیراعظم العبادی صدر اوباما سے درخواست کریں گے کہ فی الحال انہیں ہتھیار فراہم کر دیے جائیں، جس کی قیمت عراق بعد میں ادا کر دے گا۔

گزشتہ برس اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں نے عراق کے شمالی اور وسطی علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا اور عراقی فورسز شیعہ ملیشیا گروہوں اور مقامی قبائل کے ساتھ مل کر ان عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔ حال ہی میں حکومتی فورسز نے تکریت شہر کا قبضہ بھی’ اسلامک اسٹیٹ‘ سے دوبارہ حاصل کیا تھا۔

Irak Shiiten Tikrit
عراقی فورسز نے حال ہی میں امریکی فضائی مدد اور شیعہ ملییشیا کے ساتھ مل کر تکریت شہر کا قبضہ اسلامک اسٹیٹ سے دوبارہ حاصل کیا ہےتصویر: picture-alliance/EPA

وزارت عظمیٰ کا قلم دان سنبھالنے کا بعد حیدر العبادی کا یہ پہلا دورہء امریکا ہے۔ اس دورے میں العبادی کی کوشش ہو گی کہ امریکا سے مزید عسکری امداد حاصل کی جائے۔

اس عہدیدار نے کہا کہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ اب عراق میں ہر شخص کا ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے اور اگر واشنگٹن حکومت سے عراق کو وہ سب کچھ نہ ملا، جس کی وہ خواہش رکھتا ہے، تو لامحالہ اسے تہران کی جانب دیکھنا پڑے گا۔

صدر اوباما نے گزشتہ برس اگست میں عراق میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف فضائی کارروائیوں کی منظوری دی تھی جب کہ اس وقت تین ہزار کے قریب امریکی فوجی اور دیگر اہلکار عراقی فورسز کو تربیت اور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ تاہم امریکی صدر باراک اوباما نے عراق میں عسکری کارروائیوں کی ایک حد مقرر کی تھی۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ عراقی فوجی زمینی کارروائیوں میں حصہ نہیں لیں گے۔