1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عرب دُنیا میں جمہوری تحریکیں، کلنٹن کا طوفانی دورہ

14 مارچ 2011

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے آج سے فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں شروع ہونے والے یورپ اور مشرقِ وُسطیٰ کے مختلف ممالک کے دورے میں لیبیا میں جاری بغاوت اور مصر اور تیونس میں نئی حکومتوں کے قیام کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/10YhS
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: dapd

اگرچہ اوباما انتظامیہ کسی بھی نئی فوجی مہم جوئی کے لیے تیار نظر نہیں آتی تاہم پیرس میں کلنٹن لیبیا کی اپوزیشن کی جانب سے تشکیل دی گئی قومی کونسل کے نمائندے محمود جبریل سے ملاقات کریں گی، جو معمر قذافی کے وفادار دستوں کے حملوں کو روکنے کے لیے غیر ملکی فوجی مداخلت پر زور دے رہے ہیں۔ اگرچہ فرانس اِس کونسل کو لیبیا کی اپوزیشن کے حقیقی نمائندہ ادارے کے طور پر تسلیم کر چکا ہے لیکن امریکہ نے ابھی ایسا نہیں کیا ہے۔

پیر کو پیرس میں ہی کلنٹن کو براہِ راست فرانسیسی حکومت کا بھی موقف سننا پڑے گا، جو قذافی کی فضائی قوت کے آگے بند باندھنے کے لیے ایک نو فلائی زون کے قیام کی کثیرالقومی کوششیں تیز تر کرنے کی وکالت کر رہی ہے۔

پیر اور منگل کو پیرس میں اپنے قیام کے دوران کلنٹن گروپ جی ایٹ کے ایک اجلاس میں فرانس، روس، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، اٹلی اور جاپان کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کریں گی اور نو فلائی زون سمیت اُن مختلف طریقوں پر بات کریں گی، جن کی مدد سے لیبیا میں اپوزیشن کی مدد کی جا سکتی ہو اور قذافی کو اقتدار سے ہٹایا جا سکتا ہو۔

Flash-Galerie Frankreich Libyen Sarkozy Mahmoud Jibril Ali Al-Esawi
10 مارچ کو پیرس میں فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی لیبیا کی اپوزیشن کی تشکیل کردہ قومی کوننسل کے نمائندے محمود جبریل کے ساتھ مصافحہ کر رہے ہیںتصویر: AP

ہفتہ 12 مارچ کو عرب لیگ کی جانب سے نو فلائی زون کی حمایت کے بعد سے لیبیا کی اپوزیشن کا اِس طرح کے فلائی زون کے قیام پر اصرار بڑھ گیا ہے۔ کلنٹن کا یہ دورہ ایک ایسے وقت پر عمل میں آ رہا ہے، جب لیبیا میں قذافی کے حامی دستوں کی پوزیشن مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے اور ایسا نظر آ رہا ہے کہ وہاں اپوزیشن کی تحریک کو کچل دیا جائے گا۔

امریکہ نے لیبیا کے اُن مشرقی علاقوں میں انسانی امداد روانہ کرنے کا عندیہ دیا ہے، جن پر باغیوں کا قبضہ ہے تاہم ساتھ ہی اُس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اِسے اقدام کو فوجی مداخلت کے طور پر نہیں لیا جانا چاہئے۔کلنٹن کا کہنا ہے کہ منگل کو نو فلائی زون کے قیام کے بارے میں ایک منصوبہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کو پیش کیا جائے گا۔

پیرس کے بعد کلنٹن منگل سے لے کر جمعرات تک قاہرہ اور تیونس کا دورہ کریں گی۔ اِن دونوں ملکوں میں جمہوری تحریکوں کے نتیجے میں صدور کی معزولی کے بعد سے کسی سرکردہ امریکی نمائندے کا یہاں کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اپنے اِس دورے کے دوران کلنٹن اِن ملکوں کے عوام اور عبوری حکومتوں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گی اور اُن کی کوشش ہو گی کہ اپوزیشن کے مظاہروں کے نتیجے میں جمہوری عمل کی جو کوششیں شروع ہوئی ہیں، اُن کا زور ٹوٹنے نہ پائے۔

کلنٹن نے مصر میں انتخابات کے انعقاد اور معیشت کی بہتری کے لیے گزشتہ مہینے 150 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا اور وہ مصر کو مزید امداد کی فراہمی پر زور دے رہی ہیں۔ کلنٹن تیونس کو بھی ’اُس کی ضرورتوں کے لیے‘ 20 ملین ڈالر فراہم کیے جانے پر زور دے رہی ہیں۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں