عرب لیگ کا بارہ سال بعد شام کی رکنیت بحال کرنے کا فیصلہ
7 مئی 2023عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے ایک دہائی سے بھی زائد عرصے کے بعد شام کو دوبارہ اپنی تنظیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شامی صدر بشار الاسد کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے علاقائی طاقتوں کے فیصلے کو مستحکم کرنا ہے۔ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان جمال رشدی نے کہا کہ یہ فیصلہ اتوار سات مئی کے روز مصری دارالحکومت قاہرہ میں عرب وزرائے خارجہ کے بند کمرے میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔
شامی صدر بشارالاسد کا متحدہ عرب امارات کا تاریخی دورہ
عرب لیگ نے شام کی رکنیت سن 2011ء میں اسد حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے والے مظاہرین کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن کے بعد معطل کر دی تھی۔ اس احتجاج اور حکومتی رد عمل نے بعد میں ایک طویل اور تباہ کن خانہ جنگی کی شکل اختیار کر لی تھی، جس میں نہ صرف لاکھوں افراد مارے گئے بلکہ بہت بڑی تعداد میں عام شہری بے گھر بھی ہوئے۔ اس دوران کئی عرب ریاستوں نے اپنے سفیروں کو دمشق سے نکال بھی لیا تھا۔
کیا شامی آمر بشار الاسد کو دوبارہ بین الاقوامی قبولیت حاصل ہو گئی؟
تاہم حال ہی میں سعودی عرب اور مصر سمیت کئی عرب ریاستوں نے شام کے ساتھ اعلیٰ سطحی دوروں اور ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا، اگرچہ قطر سمیت کچھ دیگر خلیجی ممالک شام کے تنازعے کے سیاسی حل کے بغیر اسد حکومت کے ساتھ تعلقات مکمل طور پر معمول پر لانے کے مخالف ہیں۔
عرب ممالک اس بات پر بھی اتفاق رائے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا شامی صدر اسد کو انیس مئی کو سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والے عرب لیگ کے اگلے سربراہی اجلاس میں مدعو کیا جائے۔
شامی حکومت کے ساتھ عرب ممالک کی جانب سے تعلقات میں گرمجوشی اس سال مارچ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد سامنے آئی ہے۔ شامی تنازعے میں سعودی عرب شامی باغیوں جب کہایران اسد حکومت کی حمایت کرتا آیا ہے۔
ش ر ⁄ م م (روئٹرز، اے ایف پی)