عمران خان نااہلی سے بچ گئے
15 دسمبر 2017پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے دائر درخواست کو پاکستان کی سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا ہے۔ اسی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو اثاثے چھپانے کے الزام کے تحت نااہل قرار دے دیا ہے۔ یہ درخواست پاکستان مسلم لیگ نون کے ایک لیڈر حنیف عباسی نے دائر کی تھی۔
سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور عمران خان کے انتہائی قریبی ساتھی کو جہانگیر ترین کو انسائڈر ٹریڈنگ کا مجرم قرار دیتے ہوئے نااہل قرار دے دیا ہے۔ اس کے علاوہ ترین کے خلاف دائر درخواست کو قابلِ سماعت بھی قرار دیا۔ اس کی تفصیلی سماعت کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عدالتی فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم کے تحت اپنے فلیٹ کو ظاہر کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے حنیف عباسی متاثرہ فریق نہیں ہیں اور الیکشن کمیشن کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کی غیرجانبدار تحقیق کرے۔
حنیف عباسی کے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف درخواستیں گزشتہ برس نومبر میں دائر کی گئی تھیں۔