1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’عمران خان کا دورہ سری لنکا، بھارت کے لیے ایک پیغام‘

24 فروری 2021

ماہرین کے مطابق وزیر اعظم پاکستان سری لنکا کا دورہ کر کے بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان کا ملک اب خطے میں تنہا نہیں ہے اور مستقبل میں علاقائی طاقت کے طور پر اہم کردار ادا کرے گا۔

https://p.dw.com/p/3pnde
Sri Lanka Besuch der pakistanischen Premierminister Imran Khan in Kolombo
تصویر: Prime Ministry of Pakistan/AA/picture alliance

 

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا سری لنکا کا دو روزہ دورہ آج بدھ 24  فروری کو ختم ہو رہا ہے۔ اس دورے کو علاقائی اور عالمی سیاست دونوں کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سے عمران خان کا کسی پڑوسی ملک کا یہ دوسرا دورہ ہے۔

پہلے افغانستان اور اب سری لنکا۔ پاکستانی وزیر اعظم کئی محاذ پر ملکی ساکھ کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی سیاست میں جنوبی ایشیا کی دوسری جوہری طاقت کو سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کی طرف گامزن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بروقت دورہ

وزیر اعظم پاکستان کے سری لنکا کے دورے کے اغراض و مقاصد کے بارے میں ڈوئچے ویلے کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کراچی یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی امور کی پروفیسر شائستہ تبسم کا کہنا تھا، ''وزیر اعظم کے اس دورے کو بین الاقوامی بحری مشقیں امن 21 ‘ کے پس منظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ ان فوجی مشقوں میں سری لنکا بھی شامل تھا۔ پاکستان نے علاقائی اور بین الاقوامی بحری افواج کے ساتھ مل کر ان مشقوں کا جو انعقاد کیا وہ دراصل بھارت کے لیے ایک میسیج تھا کہ پاکستان علاقائی سطح پر اب الگ تھلگ نہیں ہے۔ سری لنکا کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش نے بھی ان مشقوں میں حصہ لیا اور  اس طرح بھارت کا جو دیرینہ ایجنڈا رہا ہے کہ پاکستان کو علاقائی سطح پر آئی سو لیٹ یا تنہا ظاہر کرے، اُسے ختم کرنے میں مدد ملی ہے۔ ان مشقوں کے کچھ ہی دنوں بعد وزیر اعظم سری لنکا پہنچے ہیں خیر سگالی کی علامت کے طور پر۔‘‘

سی پیک کا سب سے مہنگا منصوبہ سست روی کا شکار

پروفیسر شائستہ تبسم کے بقول سری لنکا پاکستان کو ایک پارٹنر کے طور پر تسلیم کرنے کی خواہش رکھتا ہے اور کولمبو حکومت اسلام آباد کے ساتھ دو طرفہ قریبی تعلقات استوار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

Sri Lanka Besuch der pakistanischen Premierminister Imran Khan in Kolombo
وزیر اعظم پاکستان کا سری لنکا میں خیر مقدم۔تصویر: Prime Ministry of Pakistan/AA/picture alliance

سری لنکا کی پارلیمان سے خطاب کی منسوخی

سری لنکا کا ان کا دورہ گرچہ شروع ہونے سے پہلے ہی اُس وقت متنازعہ شکل اختیار کر گیا تھا جب سری لنکا کی پارلیمان سے وزیر اعظم پاکستان کے مجوزہ خطاب کی منسوحی کی خبر سامنے آئی۔ اس معاملے کوعمران خان نے بہت زیادہ ہوا دینے کی بجائے اپنے دورے کو جاری رکھنے کے فیصلے کے ساتھ یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات قریبی اور دوستانہ ہیں۔ اُدھر کولمبو کے لیے بھی پاکستان کے حکومتی سربراہ کا دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم کے سری لنکا کے اس دورے کے اثرات علاقائی سیاست پر پڑنے کے امکانات کے ضمن میں معروف تجزیہ کار، تارخ دان اور کالم نگار اختر حسین سندھو نے ڈوئچے ویلے کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ''عمران خان کا دورہ سری لنکا جنوبی ایشیائی خطے میں امن اور ہم آہنگی کی فضا قائم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے بشرطیکہ بھارت کی حکمران جماعت 'بی جے پی‘  اپنی تشدد پر مبنی پالیسیوں کو ترک کر دے۔‘‘ علاقائی سیاست پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ کار اختر حسین سندھو بھی سری لنکا کی پارلیمان سے پاکستانی وزیر اعظم کے خطاب کے منصوبے کی منسوخی  میں نئی دہلی کا ہاتھ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ''بھارت خطے میں اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرتا رہتا ہے، اس کے لیے وہ اپنے 'مسلز‘ دکھاتا رہتا ہے، اُسی نے کولمبو حکومت کو زیر دباؤ لا کر عمران خان کے پارلیمان سے خطاب کو منسوخ کروایا۔ بھارت پہلے ہی پاکستان میں منعقد ہونے والی SAARC کانفرنس کو سبوتاژ کر چُکا ہے۔‘‘

مختلف تجزیہ کاروں کی طرف سے بھی اسی قسم کے خیالات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم کے سری لنکا کی پارلیمان سے خطاب کی منسوخی کے پیچھے نئی دہلی کے خدشات تھے کہ کہیں عمران خان دیرینہ تنازعہ کشمیر نہ اُٹھا دیں۔ سری لنکا کو بھی اس بات کی فکر تھی کہ پاکستانی وزیر اعظم اپنے خطاب میں سری لنکا میں مسلم اقلیت کے حقوق کے حوالے سے بھی بات کر سکتے ہیں۔ ان تمام خدشات کے پیش نظر سری لنکا حکومت نے عمران خان کے پارلیمان سے خطاب کی منسوخی کا اعلان کیا مگر اس کی وجہ کووڈ انیس کی پابندیاں اور ضوابط بتائی۔

ایشیا کا نیا ممکنہ اتحاد، روس، چین، ایران اور پاکستان

Sri Lanka Besuch der pakistanischen Premierminister Imran Khan in Kolombo
24 فروری کو دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات۔تصویر: Prime Ministry of Pakistan/AA/picture alliance

سری لنکا کی مسلم آبادی

یاد رہے کہ سری لنکا میں کووڈ انیس کے سبب مسلمانوں کی اموات کے بعد ان کی آخری رسومات کے سلسلے میں ایک بڑا تنازعہ کھڑا ہو چُکا ہے۔ سری لنکا حکومت نے مسلم عقیدے کے تحت میتوں کی تدفین پر سخت پابندی لگا دی تھی اور کووڈ انیس کا شکار ہو کر مرنے والوں کی لاش کو جلانے کولازمی قرار دے دیا تھا۔ اس پر سری لنکا کی کُل آبادی کے11 فیصد پر مشتمل مسلم برادری نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سری لنکا میں ریاست کی طرف سے اسے مسلمانوں کے تعاقب اور ان کے عقیدے کے سبب انہیں نشانہ بنانے کی پالیسی میں توسیع قرار دیا تھا۔

 

کچھ عرصہ قبل سری لنکا کے وزیر اعظم راجہ پاکسے نے اپنی پارلیمان سے خطاب میں یہ اعلان کیا تھا کہ مسلمانوں کو اپنے عقیدے کے مطابق میت کی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اُن کی تعریف کرتے ہوئے ٹویٹ پیغام میں لکھا تھا، ''ہم وزیر اعظم پاکسے کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ کولمبو حکومت کی طرف سے اس پر عملدرآمد کو ابھی تک یقینی نہیں بنایا گیا ہے اور حکومتی حلقوں کی طرف سے اس پر متضاد بیانات سامنے آ ئے ہیں۔

Pakistan Der Schnellstraßenteil des KKH-Projekts
سی پیک کے تحت پاکستان چین کے ساتھ مل کر ایک وسیع اقتصادی انفرا اسٹرکچر پر کام کر رہا ہے۔ تصویر: picture-alliance/Xinhua/L. Tian

سی پیک معاہدے کی توسیع

بین الاقوامی تعلقات کی ماہر پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے عمران خان کے دورہ سری لنکا کے حوالے سے ایک اور اہم پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، ''پاکستانی وزیر اعظم نے سری لنکا میں اپنی ایک تقریر کے دوران کولمبو حکومت کو سی پیک میں فعال کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔ سری لنکا اور چین کے تعلقات کیونکہ بہت تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور اسی لیے سری لنکا آہستہ آہستہ انڈیا سے دوری اختیار کر رہا ہے۔ عمران خان  کی طرف سے بھی بھارت کے لیے یہ ایک اشارہ ہے کہ پاکستان خطے میں ایک اہم 'پاور‘ کی حیثیت رکھتا ہے اور اب وہ پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر علاقائی سیاست میں استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے۔‘‘

پروفیسر شائستہ تبسم نے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ بھی اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔ ان کے بقول، ''پاکستان سری لنکا اور چین کے مابین ایک 'ٹرائی اینگل‘  کی تشکیل چاہتا ہے جس سے علاقائی مارکیٹ بھی کُھلے گی اور خطے میں بھارت کے تسلط میں بھی کمی آئے گی۔‘‘

چینی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں غصہ کیوں؟

Projekt Wirtschaftskorridor Pakistan-China
گوادر پورٹ پاکستان اور چین کو مشرق وسطیٰ اور افریقہ سے جوڑنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Yousuf

عمران خان کی حکومت کو درپیش چیلنجز

تجزیہ کاراختر حسین سندھو نے عمران خان کی قیادت والی موجودہ حکومت کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اُن کے پس منظر میں بھی عمران خان کے دورہ سری لنکا کو پاکستان کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا، ''عمران خان پر اس وقت داخلہ اور خارجہ پالیسی سے متعلق امور پر کافی دباؤ پایا جاتا ہے۔ اندرون ملک سیاسی استحکام اور ''گُڈ گورننس‘‘ کے سلسلے میں اور بیرون ملک بھارت، مشرق وسطیٰ اور امریکا انہیں زیر دباؤ لا رہے ہیں۔ سکیورٹی اور اقتصادی کمزوریاں مستقبل میں بھی عمران خان کی حکومت کے لیے چیلنج بنی رہیں گی۔ اس تناظر میں سری لنکا کا ان کا دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔‘‘ اختر حسین سندھو نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے سری لنکا حکام کے ساتھ زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، 'ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ‘  اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون اور اشتراک عمل کے بارے میں بات چیت کی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دورہ پاکستان کے لیے کتنی اہمیت کا حامل ہو سکتا ہے۔

کشور مصطفیٰ