1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ: اسرائیل کا تازہ حملہ، دو فلسطینی ہلاک

27 مارچ 2011

غزّہ پٹی پر اسرائیلی فضائیہ کے تازہ ترین حملے کے نتیجے میں کم از کم دو فلسطینیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

https://p.dw.com/p/10i8e
انیس مارچ سے لے کر اب تک غزّہ سے اسرائیل پر نوّے راکٹ حملے کیے جا چکے ہیںتصویر: AP

اسرائیلی افواج کے ترجمان نے ان حملوں کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ایک اسرائیلی طیّارے نے غزّہ میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانے پر میزائل داغا ہے تاہم انہوں نے حملے کی مزید تفصیلات نہیں دیں۔

غزّہ کی وزراتِ صحت کے ایک اہلکار کے مطابق اس حملے میں دو فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔

اسرائیلی ریڈیو اور عینی شاہدین کے مطابق ہلاک ہونے والے فلسطینی اسرائیل پر راکٹ داغنے کی تیّاری کر رہے تھے۔

Palästina Bewaffneter Anhänger der Hamas im Gaza Stadt
غزِہ پٹی عسکری تنظیم حمّاس کے کنٹرول میں ہےتصویر: AP

اسرائیل اور غزّہ میں عسکری تنظیم حمّاس کے درمیان گزشتہ ایک ہفتے سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ حمّاس کی جانب سے وقتاً فوقتاً اسرائیل پر راکٹ فائر کیے جاتے رہے ہیں جن کا جواب اسرائیل فضائی حملوں سے دے رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک دوسرے پر حملے بند کریں۔

ہفتے کے روز غزّہ کی مسلح تنظیموں نے اس شرط پر فائر بندی کا وعدہ کیا تھا کہ اسرائیل اپنے فضائی حملے بھی بند کرے۔ یہ فیصلہ غزّہ کے سٹی ہوٹل میں حمّاس کی زیرِ قیادت ایک میٹنگ میں کیا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں حمّاس کے علاوہ اسلامی جہاد اور دیگر تنظیمیں بھی شامل تھیں۔ فلسطینی صدر محمود عبّاس کی جماعت الفتح نے اس میٹنگ میں شرکت نہیں کی تھی۔ 

انیس مارچ سے لے کر اب تک غزّہ سے اسرائیل پر نوّے راکٹ حملے کیے جا چکے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں بارہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب راکٹ حملوں سے بچنے کے لیے اسرائیلی حکومت آج اتوار کے روز ’آئرن ڈوم‘ راکٹ ڈیفنس سسٹم نافذ کر رہی ہے۔ اس سسٹم کے تحت کم از کم اسرائیل کی جانب آنے والے راکٹوں کو روکا جا سکے گا۔ تاہم اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے اس دفاعی نظام کا نفاذ ابھی آزمائشی طور پر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عصمت جبیں