غزہ کو ہر روز ایک سو ٹرک فوری امداد کی ضرورت، اقوام متحدہ
22 اکتوبر 2023سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا سے اتوار بائیس اکتوبر کو موصولہ رپورٹوں میں اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد کے دفتر او سی ایچ اے (OCHA) کی طرف سے کہا گیا ہے کہ غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے میں تقریباﹰ 2.4 ملین کی آبادی انتہائی تکلیف دہ حد تک مسائل اور مشکلات کا شکار ہے۔
'غزہ کے عوام کی امداد جاری رکھی جائے‘
او سی ایچ اے نے کہا ہے کہ غزہ اور مصر کے درمیان رفح کی سرحدی گزر گاہ کے راستے کل ہفتے کے روز پہلی مرتبہ امدادی سامان لے کر جانے والا بیس ٹرکوں پر مشتمل جو قافلہ غزہ میں داخل ہوا، اس کا وہاں جانا خوش آئند تو ہے، لیکن اگر غزہ کے عوام کی ضروریات کو دیکھا جائے تو اتنی کم مقدار میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہنگامی امداد کسی بھی طور تسلی بخش یا کافی نہیں ہو سکتی۔ اس لیے غزہ کے عوام کی یہ مدد جاری رہنا چاہیے۔
بھارتی طیارہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر مصر روانہ ہو گیا
رفح کی بارڈر کراسنگ پار کر کے جو اولین امدادی قافلہ کل غزہ پٹی کے علاقے میں داخل ہوا تھا، اس کے ذریعے مصر نے اشیائے خوراک، ادویات اور فوری ضرورت کا دوسرا سامان وہاں بھیجا تھا۔
روزانہ ایک سو ٹرک امدادی سامان کی ضرورت
اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف آفس کے مطابق غزہ پٹی کے عوام کو ان کی روزمرہ ضروریات کے لیے ہر روز کم از کم بھی ایک سو ٹرک ہنگامی امدادی سامان کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی عالمی ادارے کے اس دفتر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ سے بری طرح متاثرہ غزہ کے عوام کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر فائر بندی کا اعلان کیا جانا چاہیے۔
اسرائیل حماس جنگ: ویسٹ بینک میں جنین کی مسجد پر فضائی حملہ
اسرائیل کی طرف غزہ پٹی کو اشیائے خوراک، بجلی، ایندھن اور دیگر ضروریات کی فراہمی بند کے جانے کے بعد اس فلسطینی علاقے میں اس وقت تقریباﹰ کوئی خوراک اور پینے کا صاف پانی نہیں بچے۔
اسرائیل نے غزہ کے لیے ضروریات زندگی کی فراہمی بند کر دینے کا فیصلہ اس خطے کے اس 'مکمل محاصرے‘ کے اعلان کے ساتھ کیا تھا، جو حماس کے اسرائیل پر سات اکتوبر کے حملے پر ردعمل کا حصہ تھا۔
مصر سے اولین امدادی ٹرک محاصرہ شدہ غزہ پٹی میں داخل
اقوام متحدہ کے پانچ ذیلی اداروں کا مطالبہ
غزہ کی بحرانی صورت حال کے بارے میں اقوام متحدہ کے پانچ ذیلی اداروں نے ابھی کل ہی کہا تھا کہ غزہ پٹی کے موجودہ حالات ''تباہ کن‘‘ ہیں اور عالمی برادری کو وہاں مزید ابتری سے بچنے کے لیے اس ساحلی علاقے کے عوام کی بلاتاخیر اور بھرپور مدد کرنا چاہیے۔
اسلامی تعاون کی تنظیم کی طرف سے اسرائیلی 'جنگی جرائم‘ کی مذمت
ان اداروں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ غزہ کی تقریباﹰ نصف آبادی نابالغ بچوں پر مشتمل ہے جبکہ وہاں بزرگ شہریوں، حاملہ خواتین اور کم سن بچوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری مدد درکار ہے۔
یہ اپیل اقوام متحدہ کے جن پانچ ذیلی اداروں کی طرف سے کی گئی، وہ عالمی ادارہ صحت، بچوں کا امدادی ادارہ یونیسیف، ورلڈ فوڈ پروگرام، ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی اور بہبود آبادی کا فنڈ یو این ایف پی اے ہیں۔
م م / ش ر (ڈی پی اے، اے ایف پی)