1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ کی ناکہ بندی ختم کی جائے:بان کی مون

3 جون 2010

اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل بان کی مون نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل غزہ کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کر دے۔

https://p.dw.com/p/NgA3
اقوام متحدہ کے سربراہ بان کی مونتصویر: picture-alliance / dpa

بان کی مون کا یہ بیان بدھ کو اس وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں امدادی سامان لے جانے والے کارکنان پر اسرائیلی فوج کے حملے کی عالمی سطح پرسخت مذمت کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ منگل کو پیش آنے والا یہ واقعہ دراصل غزہ کی ناکہ بندی کی وجہ سے رونما ہوا۔ منگل کو اسرائیلی افواج نے غزہ کے لئے امدادی سامان لے جانے والے ایک بحری قافلے کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے، چھ سو سے زیادہ امدادی کارکنان کو گرفتار کر لیا تھا۔ اسرائیلی کمانڈوز کی کارروائی کے دوران کم ازکم نو افراد ہلاک بھی ہوئے تھے۔

بان کی مون نے کہا کہ اس واقعہ کا محرک یہی ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہےاورامدادی کارکنان وہاں امدادی سامان لے کرجانا چاہتے تھے کیونکہ غزہ میں مجموعی صورت حال تشویش ناک ہے۔ انہوں نے غزہ کی ناکہ بندی کو’غیر پائیداراورغلط‘ قرار دیا۔

Israelischer Angriff auf Hilfskonvoi für Gaza Flash-Galerie
اسرائیلی وزیراعظم نے امدادی قافلے پر حملے کا دفاع کیا ہےتصویر: AP

دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم نےامدادی کارکنان پر کئے گئے حملے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی ناکہ بندی جاری رہے گی۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے ایک نشریاتی خطاب میں کہا ہے کہ ’امدادی قافلے پر حملہ کرنے کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں تھا‘۔ انہوں نے کہا کہ جس کشتی پر حملہ کیا گیا وہ محبت کا پیغام نہیں لا رہی تھی بلکہ وہ نفرت کا استعارہ تھی۔

نیتن یاہو نے کہا کہ یہ قافلہ امدادی سامان نہیں لا رہا تھا بلکہ ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل،غزہ کو ایران کی ایک بندر گاہ نہیں بننے دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اسرائیل کا فرض ہے کہ وہ ایران اور دیگر ذرائع سے بھیجے جانے والا اسلحہ اور راکٹ غزہ میں حماس کے پاس نہ پہنچنے دے۔

NO FLASH Boote im Meer von Gaza
اس امدادی قافلے میں شامل افراد کو اسرائیلی افواج نے گرفتار کر لیا تھاتصویر: AP

اسرائیلی کارروائی کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے اس مناسبت سے برطانوی وزیراعظم نے بھی امدادی کارکنان پراسرائیلی حملے کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیتے ہوئے، غزہ کی ناکہ بندی کو ختم کرنے پر زور دیا ہے۔

دوسری طرف گرفتار کئے گئے امدادی کارکنان کو ڈی پورٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے دن کوئی ایک سو بیس افراد کو ڈی پورٹ کر کے اردن روانہ کردیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اس عسکری کارروائی کے دوران گرفتار کئے گئے افراد میں سے تین اسرائیلی عرب باشندوں کو اسرائیل نے ابھی تک قید میں رکھا ہوا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں