غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر سنجے دت کو پانچ سال قید کی سزا
21 مارچ 2013سنجے دت کو یہ سزا غیر قانونی طور پر ہتھیار اپنے پاس رکھنے کے جرم میں سنائی گئی ہے۔ غیر قانونی ہتھیاروں سے متعلق اس مقدمے کا تعلق 1993ء میں ممبئی میں ہونے والے ان بم حملوں سے تھا، جن میں257 افراد مارے گئے تھے۔
خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نئی دہلی میں سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سنجے دت کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ چار ہفتوں میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیں۔ سنجے دت پر یہ الزام ثابت ہو گیا تھا کہ ان کے قبضے میں ایک ایسا پستول اور تین خودکار رائفلیں تھیں جو انہیں ایک ایسے شخص نے فراہم کی تھیں جس کو بعد ازاں ممبئی بم حملوں کے سلسلے میں سزا سنا دی گئی تھی۔
بھارتی سپر سٹار سنجے دت کے خلاف یہ مقدمہ دو عشروں سے بھی زائد عرصہ پہلے ممبئی میں ہونے والے دھماکوں سے متعلق اُس طویل عدالتی کارروائی کا حصہ تھا جو اٹھارہ سال تک جاری رہی۔
سنجے دت کا کہنا ہے کہ انہیں ممبئی میں بم دھماکوں کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا اور انہوں نے یہ ہتھیار اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے خریدے تھے۔ ان کے بقول انہوں نے یہ ہتھیار خریدنے کا فیصلہ اُن دھمکیوں کے بعد کیا تھا جو انہیں اور ان کے اہل خانہ کو ممبئی میں فرقہ ورانہ فسادات کے دوران ملی تھیں۔ سنجے دت پہلے ہی 18 مہینے جیل میں رہ چکے ہیں اور ان کی رہائی 2007ء میں عمل میں آئی تھی۔ انہوں نے جیل میں یہ وقت اپنے خلاف اس مقدمے کی سماعت کے دوران کاٹا تھا۔
سنجے دت کی عمر اس وقت 53سال ہے اور بھارتی سپریم کورٹ نے آج انہیں جو سزا سنائی ہے اس میں TADA کہلانے والے قوانین کے تحت قائم کردہ ایک عدالت کے سنجے دت کو سزا سنانے کے فیصلے کو بحال رکھا گیا ہے۔ خصوصی ٹاڈا عدالت نے ایک سو کے قریب افراد کو، جن میں سنجے دت بھی شامل تھے، 2006ء میں مختلف سزائیں سنائی تھیں۔
نومبر2006ء میں سنجے دت کو TADA کی اب کالعدم ہو چکی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے غیر قانونی طور پر ہتھیار اپنے پاس رکھنے کے جرم میں چھ سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے کی رو سے اب یہ بات تقریباﹰ یقینی ہو گئی ہے کہ سنجے دت کو اب قید کی باقی سزا بھی کا ٹنا ہو گی۔
12 مارچ 1993ء کے روز مغربی بھارت کے ساحلی شہر اور مالیاتی مرکز ممبئی میں ہونے والے کئی بم دھماکوں نے 257 افراد کی جان لے لی تھی اور سات سو سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ وسیع تر جانی اور مالی نقصان کا باعث بننے والے یہ دھماکے بنیاد پرست عناصر نے کرائے تھے۔
ان دھماکوں کے سلسلے میں کئی افراد کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ بھارتی حکام کے مطابق ان حملوں کی سازش مبینہ طور پر داؤد ابراہیم، ٹائیگر میمن اور اس کے بھائی ایوب میمن نامی مرکزی ملزمان نے تیار کی تھی جواب تک مفرور ہیں اور جنہیں بھارت میں اشتہاری مجرم قرار دیا جا چکا ہے۔
(ij / zb (AP