1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس میں ہوائی جہازوں کی نمائش

15 جون 2009

فرانسیسی شہر لابورجے میں آج پیر کے روز ہوائی جہازوں کی خرید و فروخت کے لئے اایک بین الااقوامی نمائش منعقد ہو ئی۔ یہ نمائش ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔

https://p.dw.com/p/IAKA
نمائش میں رکھے گئے ایک جہاز کے ماڈل کو لوگ دیکھ رہے ہیںتصویر: International Paris Air Show

لابورجے میں جاری ہوائی جہازوں کی اس نمائش میں فضائی سفر کی سہولت فراہم کرنے والی بڑی بڑی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ اس نمائش میں ایک جانب روسی ساختہ سخوئی سپر جیٹ 100 رکھا گیا ہے تو دوسری طرف بوئنگ 787 ڈریم لائنر بھی موجود ہے جس کی پہلی باقاعدہ پرواز آنے والے ہفتوں میں متوقع ہے۔

ہر دوسرے سال منعقد ہونے والی اس نمائش میں روایتی بوئنگ اور ایئر بس کمپنی کے جہازوں کی خریداری سب سے زیادہ ہوتی ہے، مگر اس سال طیاروں کی خریداری کافی کم ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کی مطابق خریداری کے رجحان میں کمی کی اصل وجہ عالمی معاشی بحران کے نتیجے میں فضائی سفرکی انڈسٹری پر پڑنے والے اثرات ہیں۔ حالیہ دنوں میں دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بتایا تھا کہ بین الااقوامی ایئرلائنز کو سال روان کے دوران نوبلین ڈالر کا خسارہ ہو سکتا ہے۔

فضائی اور خلائی سفر کے سرکردہ یورپی ادارے EADS کے سربراہ لوئی گالوآ نے کہا: ’’2010 اور 2011 بڑے نازک سال ہوں گے۔ ان دونوں برسوں کے دوران ہی ہم یہ اندازہ لگا سکیں گے کہ ہمارے شعبے کا بحران کتنا سنگین ہے۔‘‘

Luftfahrt-Show in Le Bourget 2007
نمائش میں ہر طرح کے ہوائی جہاز رکھے گئے ہیںتصویر: picture-alliance / dpa

ماہرین کے اندازوں کے مطابق اس نمائش میں ہوائی جہازوں کی خرید و فروخت کم ہوسکتی ہے جس کا باعث مختلف وجوہات کی بنا پر بین الاا قوامی سفر میں متوقع کمی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسافروں کی تعداد میں کمی کی وجہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سوائن فلو کو عالمی معتدی بیماری قرار دیا جانا ہے۔

ابھی کچھ دنوں قبل ہی ایئر فرانس کے طیارے کے حادثے میں 228 مسافر جان بحق ہوئے تھے۔ اس حادثے کی وجہ سے بھی فضائی سفر کی صنعت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ فرانسیسی طیارے کا حادثہ اس نمائش میں رکھے اسی جہاز کے ماڈل پر کیا اثرات مرتب کرے گا، لوئی گالوآ کہتے ہیں: ’’ہمارے لیئے یہ ایک المیہ ہے۔ ہم اتنی جلدی اور آسانی سے اس حادثے کے اسباب کا پتہ نہیں چلا سکیں گے۔ امید ہے کہ بالآخر ہم ان اسباب کو جان سکیں گے۔ ہر شخص کو پتہ چلنا چاہیئے کہ ہوا کیا ہے۔‘‘

اس نمائش میں دنیا بھر سے فضائی سفر کے شعبے کے صنعت کار نئے جہازوں کے ماڈلز کا جائزہ لیں گے اور یوں مستقبل میں ان کی خریداری کے بارے میں فیصلہ کر سکیں گے۔ اسی لئے ماہرین اس نمائش کو عالمی مالیاتی بحران کے دوران فضائی صنعت کے لئے ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔


رپورٹ : انعام حسن

ادارت : افسر اعوان