1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانکو جرمن اتحاد کی نصف صدی: شجر سے ثمر تک کا سفر

23 جنوری 2013

دوسری عالمی جنگ کے قریب 18 برس بعد جرمنی اور فرانس نے ایک نئی یورپی سوچ کو جنم دیتے ہوئے آپس میں دوستی اور تعاون کے ایسے تاریخی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جو دونوں ہمسایہ ریاستوں کے مابین موجودہ مثالی تعلقات کی بنیاد بنا۔

https://p.dw.com/p/17QTh
تصویر: Reuters

الِیزے ایگریمنٹ کہلانے والے اس معاہدے کے پچاس برس مکمل ہو گئے ہیں۔ اس معاہدے پر دستخط وفاقی جمہوریہ جرمنی کے پہلے چانسلر کونراڈ آڈے ناؤر اور فرانسیسی صدر چارلس ڈیگال نے 1963ء میں 22 جنوری کے روز کیے تھے۔

50 Jahre Élysée-Vertrag
وفاقی چانسلر میرکل جرمن بنڈس ٹاگ اور فرانسیسی قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: picture alliance / dpa

یہی معاہدہ فرانکو جرمن اتحاد کہلانے والی اس قربت کی وجہ بنا، جو یورپی انضمام کے عمل کے پیچھے کارفرما سب سے فعال قوت ثابت ہوئی۔

الِیزے معاہدے سے پہلے تک پایا جانے والا ان دونوں یورپی طاقتوں کے درمیان تنازعہ اور رقابت صدیوں تک جاری رہے تھے۔ لیکن پچاس برس قبل طے پانے والے اس سمجھوتے نے دونوں ملکوں اور جدید یورپ کی مجموعی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز کیا۔

آج یہ دوستی اتنی مثالی حیثیت اختیار کر چکی ہے کہ مغربی یورپ کے انہی دو بڑے ملکوں کی طرف سے یورپی ریاستوں کے ایک ترقی یافتہ اور متحدہ خاندان کے قیام کی کوششوں کے نتیجے میں یورپ میں وہ سب کچھ ممکن ہو چکا ہے، جو پانچ عشرے قبل محض ایک خواب تھا۔

Deutsch-Französischer Freundschaftsvertrag
الِیزے معاہدے پر جرمن چانسلر آڈے ناؤر، بائیں، اور فرانسیسی صدر ڈیگال نے دستخط کیے تھےتصویر: AP

ان تاریخی کامیابیوں میں سے یورپی یونین کا قیام، یورپی مشترکہ کرنسی کا اجراء اور شینگن معاہدے میں شامل ملکوں کے درمیان داخلی سرحدوں کا خاتمہ محض چند ایک مثالیں ہیں۔

یہ بات الِیزے معاہدے کے ثمرات ہی کا حصہ ہے کہ اس سمجھوتے کے پچاس برس مکمل ہونے پر بائیس جنوری کو فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند اپنی کابینہ اور فرانسیسی پارلیمان کے ارکان کے ساتھ برلن آئے۔ اس موقع پر اولاند نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ مذاکرات کیے، وفاقی جرمن صدر یوآخم گاؤُک سے ملاقات کی، دونوں ملکوں کے حکومتی وزراء کا مشترکہ اجلاس ہوا اور پھر برلن ہی میں دونوں ریاستوں کے قومی پارلیمانی اداروں کا بھی ایک مشترکہ اجلاس ہوا۔

دوسری عالمی جنگ کے بعد کے یورپ میں فرانکو جرمن اتحاد کے کردار کے پس منظر میں صدر اولاند نے دونوں ملکوں کے ارکان پارلیمان سے اپنے خطاب میں بڑا بامعنی پیغام دیا۔ انہوں نے کہا، ’ہم ہیں وہ، جنہیں یہ دکھانا ہے کہ رستہ کدھر کو جاتا ہے!‘

رپورٹ: مقبول ملک (dpa)

ادارت: افسر اعوان