فرح خان سے متعلق سوال پر فواد چوہدری آپے سے باہر
6 اپریل 2022بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے قصے گزشتہ کچھ دنوں سے زبان زدِ عام ہیں۔ ہر پاکستانی کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ آخر یہ فرح خان کون ہے اور ان کے دبئی جانے پر سیاسی حلقوں میں اتنی بے چینی کیوں پائی جاتی ہے؟ آج سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو کے آغاز میں ہی ایک صحافی نے فرح خان کے بیرون ملک جانے سے متعلق سوال داغ دیا جس پر فواد چوہدری بیچ میں آئے اور اپنی بات کرنے لگے۔ جب فواد چوہدری سے اس بابت سوال کیا گیا کہ تو وہ بھڑک گئے اور انہوں نے صحافی کے ساتھ قابلِ اعتراض زبان بھی استعمال کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ کرائے پر یہاں بھیجے جاتے ہیں۔
فرح خان کا نام گزشتہ چند دنوں سے حزبِ اختلاف کے متعدد رہنماؤں اور تحریکِ انصاف کے ناراض اراکین کی زبان سے کئی بار سنا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس نام کے حوالے سے اس وقت ایک جنگ سی چھڑی ہوئی ہے۔ اس بحث میں فرح خان پر کرپشن کے کئی الزامات عائد کیے جارہے ہیں اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ حکومتی حکام بشمول خاتونِ اول ان تمام معاملات سے باخبر تھیں۔ فرح خان کی بشری بی بی کے ساتھ دوستی ان کی وائرل ہوئی کئی تصاویر میں دیکھی جاسکتی ہے جو فرح نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لگائی تھیں۔ حال ہی میں ان کی دبئی روانگی نے سوشل میڈیا پربحث کی ایک نئی لہر کو جنم دیا ہے۔
کچھ دن پہلے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے الزام لگایا تھا کہ فرح خان نے پنجاب میں پولیس کی تقرریوں اور تبادلوں کے بدلے کروڑوں روپے کی رشوت وصول کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرح خان کی وائرل ہونے والی حالیہ تصویر میں ان کے پاس ایک کروڑ 62 لاکھ روپے کا بیگ ہے، جو کئی پاکستانیوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی سے زیادہ ہے۔
چونکہ اس تمام معاملے میں سابق وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار کے حوالے سے بھی کرپشن کے الزامات سامنے آرہے ہیں اس لیے انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک وضاحتی بیان لکھا۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ خاتون اول اور فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ علیم خان، چوہدری سرور اور دیگر اپوزیشن ارکان کے من گھڑت الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور بلا ثبوت الزام تراشی کی مذمت کرتا ہوں۔
صحافی کامران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ بے شک فرح خان کے خلاف لگنے والے الزامات میں سچ اور جھوٹ کی آمیزش ہوگی لیکن کیا عمران خان اس تمام معاملے سے بالکل بے خبر ہیں؟ فرح خان کی بشری بی بی سے نزدیکیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہیں۔