1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن: پہلے راؤنڈ سے اپ سیٹ کا سلسلہ شروع

عابد حسین27 مئی 2014

ٹینس کھیل کے رواں برس کے دوسرے بڑے ٹورنامنٹ فرنچ اوپن کے پہلے راؤنڈ سے اہم کھلاڑیوں کی شکست سے اپ سیٹ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پہلے راؤنڈ میں میچ ہار کر عالمی نمبر تین واورینکا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1C7Ld
تصویر: Reuters

ٹینس کھیل کے ایک سال میں چار بڑے ٹورنامنٹ منعقد کیے جاتے ہیں اور یہ گرینڈ سلیم کہلاتے ہیں۔ پہلا ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن ہے اور اُس کے فاتح سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے اسٹانسلاس واورِینکا تھے، وہ کل پیر کے روز فرنچ اوپن میں پہلے راؤنڈ کا میچ ہار گئے۔ واورِینکا عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن رکھتے ہیں۔ اُن کو عالمی نمبر41 گولیمارو گارسیا لوپیز نے چار سیٹ کے میچ میں زوردار مقابلے کے بعد ہرایا۔ لوپیز کا تعلق اسپین سے ہے۔ فرنچ اوپن کے شروع ہونے سے قبل واورِینکا کے بارے میں اندازہ لگایا گیا تھا کہ وہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لیں گے۔

پہلے راؤنڈ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں واورِینکا کی شکست کو خاصا بڑا اپ سیٹ قرار دیا گیا ہے۔ پہلے دن واورِینکا کے علاوہ عالمی نمبر 9 کئی نِشیکوری کی ہار کو بھی کسی حد تک اپ سیٹ قرار دیا گیا ہے۔ جاپان سے تعلق رکھنے والے نِشیکوری کو یورپ ملک سلوواکیہ کے مارٹن کلیزان نے تین سیٹ کے میچ میں ہرایا۔ اپ سیٹ کے زمزے میں آنے والا ایک اور میچ پوسپیسیل اور گیباشولی کا تھا۔ عالمی نمبر 30 واسیک پوسپیسیل کو روسی کھلاڑی تیمُوراز گیباشولی سے شکست کا سامنا رہا۔ خواتین سنگلز مقابلوں میں سے اطالوی کھلاڑی روبیرتا وِنچی اپنا میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ وِنچی کا تعلق یورپی ملک اٹلی سے ہے اور وہ ڈبلز میں سارا ایرانی کی ساتھی ہیں۔

French Open Finale 2013 Serena Williams
سیرینا ولیمز فرنچ اوپن کی ٹرافی کے ہمراہتصویر: Thomas Coex/AFP/Getty Images

فرنچ اوپن کے پہلے دن مردوں کے سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر ایک رافائل نادل اور عالمی نمبر دو نوواک جوکووچ نے اپنے اپنے میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ خواتین سنگلز میچز میں سے چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا اپنا میچ جیت کر اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ روس سے تعلق رکھنے والی ماریا شاراپووا کو بھی پہلے راؤنڈ میں کامیابی حاصل ہوئی۔ وہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران مختلف انجریز کی شکار رہنے کی وجہ سے عالمی درجہ بندی میں اب ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔ جرمن کھلاڑی زابینے لیزیکی بھی دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔

فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواح میں واقع ٹینس اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جانے والا فرنچ اوپن ٹینس کا ایک انتہائی معتبر ٹورنامنٹ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ مٹی کے سخت کورٹ پر کھیلا جاتا ہے۔ پچیس مئی سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا فائنل آٹھ جون کو کھیلا جائے گا۔ روایت کے مطابق مردوں کی سنگلز چیمپئن شپ پر ٹورنامنٹ کا اختتام ہوتا ہے اور یہ آخری دِن کھیلا جاتا ہے۔ ویمن چیمپئن شپ سات جون کو ہو گی۔ رواں برس کے فرنچ اوپن کا فیورٹ ہسپانوی کھلاڑی نادل کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی طرح خواتین میں امریکی اسٹار سیرینا ولیمز کو فیورٹ سمجھا جا رہا ہے۔ پہلے راؤنڈ میں سیرینا ولیمز نے فرانس کی علیزے رِم کو نہایت آسانی سے ہرایا ہے۔