1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرینکفرٹ میں عالمی کتاب میلے کا آغاز

رپورٹ: امجد علی ۔ ادارت، عابد حسین13 اکتوبر 2009

جرمن شہر فرینکفرٹ میں ایک بار پھر سجنے جا رہا ہے، دنیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ۔ آج تیرہ اکتوبر کو اِس میلے کا افتتاح ہوا اور یہ میلہ اٹھارہ اکتوبر تک جاری رہے گا۔

https://p.dw.com/p/K4EZ
تصویر: AP

جرمن شہر فرینکفرٹ میں ایک شاندار تقریب کے ساتھ سالانہ عالمی کتاب میلے کا آغاز ہوا ہے۔ افتتاحی تقریب میں چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ساتھ چین سے آئی ہوئی متعدد معزز شخصیات بھی شریک ہوں گی۔ اِس بار بھی ایک سو ملکوں سے سات ہزار نمائش کنندگان اِس میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔

دنیا بھر کے ساٹھ سے زیادہ بڑے کتاب میلوں میں فرینکفرٹ کا سالانہ کتاب میلہ سب سے بڑا بھی ہے اور سب سے اہم بھی۔ آج کل پوری دُنیا جس مالیاتی بحران سے دوچار ہے، اِکسٹھ ویں فرینکفرٹ کتاب میلے پر بھی اُس کے اثرات نظر آتے ہیں، اگرچہ کم کم ۔

Deutschland Frankfurt Buchmesse 2008 Logo und Messeturm
گزشتہ سال کے میلے کا لوگوتصویر: AP

میلے کے منتظمین کا خیال تھا کہ ہر سال کی طرح اِس بار بھی نمائش کنندگان کی تعداد گذشتہ ریکارڈ توڑ دے گی لیکن اِس بار معاملہ اُلٹ ہے۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں کوئی چار سو چالیس کم نمائش کنندگان فرینکفرٹ کے کتاب میلے میں موجود ہوں گے۔ خاص طور پر امریکہ اور برطانیہ کے کئی پبلشرز اِس بار فرینکفرٹ نہیں آ رہے۔ اِس کی وضاحت کرتے ہوئے کتاب میلے کے ڈائریکٹر ژُرگن بوس بتاتے ہیں کہ انگیلنڈ میں تو پورا ڈسٹری بیوشن سسٹم نیچے آن گرا ہے۔ وہاں جرمنی کی طرح آزاد بُک اسٹورز کا کوئی وجود نہیں۔ جرمنی کے حوالے سے سننے میں آنے والے اعدادوشمار بہرحال اطمینان بخش ہیں۔ انگلینڈ میں دو تین بڑے اسٹورز ہیں، جن کی مختلف شہروں میں شاخیں ہیں، کتابوں کی عام دوکانیں کم ہی ہیں۔ امریکہ میں بھی یہی صورت حال ہے۔ وہاں بارنز اینڈ نوبلز ہے، بارڈرز ہے، بڑے بڑے اسٹورز ہیں لیکن چھوٹی چھوٹی دوکانیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ان بڑے بڑے اسٹورز کے اپنے مسائل ہیں، وہ کتابیں فروخت کرنے کی بجائے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں لگے رہتے ہیں۔ اب ایمازون اور گوگل جیسے ادارے الیکٹرانک بُکس کے شعبے میں قدم رکھ چکے ہیں اور یوں مارکیٹ میں کافی گہما گہمی ہے۔

BdT Deutschland Buchmesse Frankfurt Besucher Nonnen
فرینکفرٹ کتاب میلے کے شائقین : فائل فوٹوتصویر: AP

اِس سال میلے کے اعزازی مہمان ملک چین سے تین سو اشاعتی اداروں کے ساتھ ساتھ تقریباً ایک ہزار شاعر، ادیب اور فنکار بھی فرینکفرٹ آ رہے ہیں۔ اِس طرح شائقین کو اُن چینی ادیبوں کے بارے میں بھی جاننے کا موقع ملے گا، جنہیں چین کے اندر تو کروڑوں جانتے ہیں لیکن بیرونی دُنیا میں کوئی اُن کے نام تک سے بھی واقف نہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ چین میں ادب ایک کاروبار کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ کیا وجہ ہےکہ چینی کتابیں سات آٹھ سو صفحات کی ہوا کرتی ہیں؟ چینی ادب پر گہری نظر رکھنے والے جرمن ماہر وولف گانگ کُوبین کے مطابق اِس کی وجہ ہے، پیسہ ہے۔ وولف گانگ کُوبین کا خیال ہے کہ مصنفین دو تین سو صفحات کی کتابیں نہیں لکھتے کیونکہ اُنہیں فی سطر کے حساب سے ادائیگی کی جاتی ہے۔ مطلب یہ کہ وہ ادب کے فروغ کے لئے نہیں بلکہ پیسہ کمانے کے لئے لکھتے ہیں۔

اِس بار بھی کتاب کے مختلف شعبوں سے متعلق کوئی تین لاکھ شخصیات اور عام شائقین یہ میلہ دیکھنے جائیں گے۔