فرینکفرٹ کتاب میلہ: بین الاقوامی ادبی شخصیات کی شرکت
دنیا بھر میں کتابوں کی تجارت کے سب سے بڑے میلے ’فرینکفرٹ بُک فیئر‘ میں معروف بین الاقوامی مصنفین کی شرکت متوقع ہے۔ خصوصی مہمان ملک ناروے سے بھی متعدد مصنفین اس میلے کی زینت بنیں گے۔ مزید تفصیلات، اس پکچر گیلری میں۔
الف شفق (Elif Shafak)
ترک نژاد برطانوی خاتون ناول نگار اور نسائی حقوق کی سرگرم کارکن الف شفق کی کتاب 49 زبانوں میں ترجمہ کی جا چکی ہے۔ ان کا تازہ ترین ناول "10 Minutes 38 Seconds in this Strange World," استنبول کی ایک طوائف کی زندگی کے بارے میں ہے۔ اس ناول کو 'بُکر پرائز' کے لیے بھی شارٹ لسٹ کیا گیا۔ تاہم ، ترک حکام کی جانب سے اس ناول کے خلاف "فحاشی کے جرائم" کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
کولسن وائٹ ہیڈ (Colson Whitehead)
ناول "The Underground Raildroad" کو انتہائی معتبر اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جن میں پولٹزر پرائز برائے افسانہ 2017ء اور نیشنل بک ایوارڈ 2016ء شامل ہیں۔ امریکی مصنف اپنے نئے ناول "The Nickel Boys" کی تشہیر کے لیے فرینکفرٹ کتاب میلے میں شرکت کریں گے۔ یہ ناول فلوریڈا کے ایک اسکول میں اصلاحات پر مبنی ہے جہاں صدیوں سے طالب علموں کو جنسی اور جسمانی تشدد کا نشانہ اور قتل بھی کیا گیا تھا۔
جو جو موئس (Jojo Moyes)
معروف ترین رومانوی ناول نگار جوجو موئس اپنی نئی کتاب "The Giver of Stars" کے ساتھ ایک مرتبہ پھر مداحوں کے درمیان دکھیں گی۔ فرینکفرٹ کتاب میلے میں 20-16 اکتوبر کو تجارتی اور کاروباری افراد کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ ہفتے کے آخر میں عوام میلے کا رخ کریں گے۔ جوجو موئس ایک انٹرویو کے ساتھ ساتھ اپنی کتاب پر دستخط کی ایک تقریب میں شرکت کریں گی۔
کین فولٹ (Ken Follett)
مختلف یورپی ممالک کے دارلحکومت میں بریگزٹ کے خلاف ایک ’فرینڈ شپ ٹوئر‘ کے سلسلے میں برطانوی مصنف کین فولٹ، جوجو موئس، کیٹ موس اور لی چائلڈ زیادہ تر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ بیسٹ سیلر تھرلر ناول "The Pillars of the Earth" کے لیے مشہور مصنف کین فولٹ 19 اکتوبر کو فرینکفرٹ میں ادبی گالا کی تقریب کے دوران اس مہم کا آغاز کریں گے۔
اولگا توکارچک (Olga Tokarczuk)
پولینڈ کی ادیبہ اور شاعرہ اولگا توکارچک نے ادبی دنیا میں بین الاقوامی مداحوں کو اپنے ناولوں سے بے حد متاثر کیا ہے۔ سویڈش اکیڈمی نے ان کو سن 2018 میں ادب کے انعام کا حقدار ٹھہرایا ہے۔ ستاون سالہ ادیبہ اپنے ملک میں خواتین اور جنسی اقلیتوں کے حقوق کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔ وہ فرینکفرٹ بک فیئر کی افتتاحی پریس کانفرنس میں شرکت کریں گی۔
جو نیسبو (Jo Nesbo)
اس نارویجیئن مصنف کی چالیس ملین سے زائد کتابیں فروخت ہو چکی ہیں: جو نیسبو اپنے سنسنی خیز ناول "Inspector Harry Hole" کے لیے کافی مقبول ہوئے۔ تھرلر ناولوں کے سلسلے میں ان کے نئے ناول کا عنوان "Knife" ہے۔ فرینکفرٹ کتاب میلے میں جو نیسبو اپنی ایک نئی کتاب بھی پیش کریں گے۔
مایا لنُڈے (Maja Lunde)
نارویجیئن مصنفہ مایا لُنڈے کو اپنے مقبول ترین ناول "The History of Bees" کے بدولت بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔ مایا اپنی آنے والی کتاب "The End of the Ocean" میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عملی اقدامات کے مطالبے پر عمل پیرا ہیں۔ اس کتاب کی اشاعت جنوری 2020ء میں متوقع ہے۔
مارگریٹ ایٹووڈ (Margaret Atwood)
فرینکفرٹ کتاب میلے 2020ء کے لیے کینیڈا کو خصوصی مہمان ملک قرار دیا گیا ہے۔ اعزازی تقریب میں کینیڈا کی معروف ادبی شخصیت مارگریٹ ایٹووڈ شرکت کریں گی۔ حال ہی میں ان کے ناول "The Testaments" اور اسی کے سلسلے "The Handmaid's Tale"کو ایک ٹی وی سیریز کی صورت میں بھی پیش کیا گیا۔ مارگریٹ ایٹووڈ کو افسانہ نگاری کے لیے بُکر پرائز سے بھی نوازا گیا ہے۔