1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلافریقہ

فف ڈوپلوسی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

17 فروری 2021

پاکستان سے ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد جنوبی افریقی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان فف ڈوپلوسی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ اب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3pTX9
London Oval Cricket WM Südafrika - Bangladesch
تصویر: Getty Images/AFP/I. Kington

جنوبی افریقہ کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز فف ڈوپلوسی پاکستان کا حالیہ دورہ کرنے والی قومی ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی تھے۔ چھتیس سالہ ڈوپلوسی کی موجودگی کے باوجود پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو دو صفر سے مات دی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی دو ایک سے جیت لی۔

اس دورے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر ڈوپلوسی نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کش ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے 69 ٹیسٹ میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی اور دس سنچریاں اور اکیس نصف سنچریاں بنائیں۔ اس دوران ان کی اوسط چالیس کے لگ بھگ رہی۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں جنوبی افریقہ پہلی بار وائٹ واش

ڈوپلوسی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا، ''مجھے کوئی مداوا نہیں اور یہ درست وقت ہے کہ زندگی کا ایک نیا باب شروع کیا جائے۔‘‘ بدھ کو جاری کیے گئے اس بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کا باعث رہا کہ انہوں نے کرکٹ کے سبھی فارمیٹس میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی۔

ڈوپلوسی نے کہا کہ اب وہ اپنی توجہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر مرکوز کریں گے، ''آئندہ دو سال ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی تیاری کا دور ہو گا۔ اس لیے میں اس فارمیٹ کو زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ایک روزہ میچوں میں حصہ نہیں لیں گے لیکن وقتی طور پر وہ صرف ٹی ٹوئنٹی ہی کھلینا چاہتے ہیں۔

پہلے ٹیسٹ میں ہی یادگار پرفارمنس

ڈوپلوسی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز آسٹریلیا میں کیا تھا۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ ان کا پہلا میچ تھا، جس میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے اس میچ کی پہلی اننگز میں اٹھہتر جبکہ دوسری اننگز میں یادرگار ایک سو دس رنز بنائے۔

دوسری اننگز میں انہوں نے تین سو چھہتر گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک مشکل صورتحال سے نکالا اور یوں جنوبی افریقہ ٹیم یہ ٹیسٹ میچ برابر کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔ ڈوپلوسی کی وجہ سے ہی جنوبی افریقہ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف یہ سیریز ایک صفر سے جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان کا دورہ بہت چیلنجنگ ہے، جنوبی افریقی کوچ

ڈوپلوسی نے چھتیس ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کے فرائض بھی سرانجام دیے۔ تاہم سن دو ہزار بیس میں بری کارکردگی کی وجہ سے انہوں نے کپتانی سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

ع ب / ا ح / خبر رساں ادارے