1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلسطين کی آزادی کے ليے لڑنا اسلامی فريضہ ہے، خامنہ ای

22 مئی 2020

ايران ميں ماہ رمضان کے الوداعی جمعے کو فلسطينيوں کے ساتھ اظہار يکجہتی ميں يوم القدس منايا جاتا ہے۔ سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل پر سخت کرتے ہوئے فلسطين کی آزادی کی جد و جہد کو مذہبی فريضہ قرار ديا۔

https://p.dw.com/p/3cbrL
Iran Teheran | Ali Chamenei
تصویر: Imago Images/Zuma Wire

ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے آج بروز جمعہ اپنے ايک بيان ميں کہا ہے کہ فلسطين کی آزادی کے ليے لڑنا 'اسلامی فريضہ‘ ہے۔ خامنہ ای کی يہ تقرير ايران ميں ٹيلی وژن پر براہ راست نشر کی گئی۔ انہوں نے مزيد کہا کہ فلسطين کے ليے جاری جدو جہد کا مقصد مکمل فلسطينی سرزمين کی آزادی اور فلسطينيوں کی اپنی آبائی زمين پر واپسی ہے۔

ايران ميں ہر رمضان کے آخری جمعے کو يوم القدس منايا جاتا ہے۔ يہ دن سن 1967 کی جنگ کی ياد ميں منايا جاتا ہے، جس کے نتيجے ميں اسرائيل نے مشرقی يروشلم پر قبضہ کر ليا تھا۔ اس کا مقصد اسرائيل کی مخالفت اور فلسطينيوں کے ساتھ اظہار يکجہتی ہے۔ ايران ميں يہ دن ہر سال ملک گير سطح پر منايا جاتا ہے اور اس موقع پر تمام شہروں ميں ريلياں نکالی جاتی ہيں۔ اس بار کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر ميں عوامی سطح پر جلسے جلوسوں پر پابندی عائد ہے تاہم پچھلے ہفتے صدر حسن روحانی نے اپنے بيان ميں کہا تھا کہ احتجاج گاڑيوں کی مدد سے ريلی کی شکل ميں کيا جائے گا۔

يہ پہلا موقع ہے کہ يوم القدس کے موقع پر ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے باقاعدہ تقرير کی ہے۔ اپنی تقرير ميں خامنہ ای نے اسرائيل کے ليے کافی سخت الفاظ استعمال کيے اور اس کا خطے ميں ايک 'سرطان‘ سے موازنہ کيا۔

خامنہ ای اور ديگر ايرانی رہنما کئی مرتبہ يہودی رياست اسرائيل کے خاتمے کی دھمکياں دے چکے ہيں۔ ماضی ميں انہوں نے اس بارے ميں خطے ميں ايک ريفرنڈم کا مطالبہ بھی کيا تھا۔

ايران ميں يوم القدس منانے کی روايت سن 1979 ميں آيت اللہ روح اللہ خمينی نے شروع کی تھی۔ ايران اسرائيل کو بطور ايک رياست تسليم نہيں کرتا اور بيشتر عالمی مسائل کا قصور وار اسرائيل ہی کو قرار ديتا ہے۔

ع س / ع آ،  اے ايف پی