1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلم ’راون‘ توقعات کی پٹری پر پوری نہیں اتری

24 جون 2010

بالی وُڈ فلم ’راون‘ کو بیک وقت بھارت سمیت دنیا بھر میں نمائش کے لئے پیش کر دیا گیا ہے۔ اس فلم میں ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی مشہور جوڑی ایک ساتھ نظر آ رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/O1MB
تصویر: Madras Talkies and Reliance Big Pictures

ہندی اور تامل زبانوں میں تیار کی گئی اس فلم کے حوالے سے سری لنکا میں ایک نامعلوم گروپ نے دھمکیاں بھی دی تھیں تاہم لنکا میں بھی فلم راون نمائش کر لئے پیش کر دی گئی ہے۔ اس فلم کا میوزک آسکر انعام یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے دیا ہے تاہم بیشتر مداحوں کا خیال ہے کہ فلم کے گیت ویسے نہیں ہیں، جیسے وہ توقع کر رہے تھے۔

Szenenbild aus dem Film Raavan
ایشوریا رائے فلم کے ایک منظر میںتصویر: Madras Talkies and Reliance Big Pictures

ہدایت کار منی رتنم اپنی فلموں میں قدرتی مناظر کی عکس بندی کی وجہ سے کافی شہرت رکھتے ہیں اور اس فلم میں بھی بہت سے دلکش قدرتی مناظر کو عمدگی سے فلمایا گیا ہے۔ ابتدائی شوز دیکھنے والے شائقین کے مطابق فلم کا پہلا حصہ بوریت سے بھرپور اور سست ہے تاہم دوسرے حصے میں کہانی ایک مرتبہ پھر اپنے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔ تاہم بیشتر شائقین کا خیال ہے کہ ان کی جتنی توقعات وابستہ تھیں، یہ فلم ان توقعات کے مقابلے میں خاصی کمزور ہے۔

فلم راون رامائن سے اخذ کی گئی کہانی پر مبنی ہے۔ اس میں راون کا کردار ابھیشیک بچن نے نبھایا ہے جبکہ سیتا کا کردار سابقہ حسینہ ء عالم ایشوریا رائے نے ادا کیا ہے۔ حقیقی زندگی میں ایشوریا رائے ابھیشیک بچن کی بیوی ہے۔

یہ کہانی ہندو مذہبی کتاب رامائن کے اس واقعے سے اخذ کی گئی ہے جس میں راون، رام کی بیوی سیتا کو اغواء کر لیتا ہے اور پھر سیتا برسوں تک راون کی قید میں رہتی ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں