فلم ’رسٹ‘ کے پروڈیوسر ایک لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر تیار
25 فروری 2023امریکی فلم ''رسٹ‘‘ کے پروڈیوسرز نے اس فلم کے سیٹ پر حفاظت کی ''سنگین‘‘ خلاف ورزیوں کے لیے ایک لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ گزشتہ برس اس فلم کے سیٹ پر اصل گولی چل جانے کی وجہ سے وہاں موجود سینماٹوگرافر ہالینا ہچنز ہلاک ہو گئی تھیں۔
ریاست نیو میکسیکو کے ورکر سیفٹی بیورو نے رسٹ مووی پروڈکشنز(آر ایم پی) کے خلاف اپنا زیادہ سے زیادہ جرمانہ عائد کیا تھا۔ ریاست کے پیشہ ورانہ صحت اور حفاظتی بیور( او ایچ ایس بی) نے ایک بیان میں کہا،''آر ایم پی نے سیٹ پر آتشیں اسلحے کا استعمال کرتے وقت ملازمین کو ڈسچارج راؤنڈز یا پروجیکٹائل کے رحم وکرم پر چھوڑ کر کام کی جگہ کے لیے متعین حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کی۔‘‘
او ایچ ایس بی کے ساتھ تصفیے کے تحت رسٹ مووی پروڈکشن کے جرمانے کو نیو میکسیکو میں ایک دہائی سے زائد عرصے میں کام کی جگہ کی حفاظت کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا سب سے بڑا جرمانہ قرار دیا گیا۔ لیکن انہیں جرمانے کی اصل رقم میں سے ساڑھے چھتیس ہزار ڈالر کی چھوٹ دی گئی۔
بالڈون پر غیرارادی قتل کا الزام
اداکار ایلک بالڈون ونٹیج کولٹ پوائنٹ 45 ریوالور کا استعمال کر رہے تھے، جب اس میں سے نکلی ہوئی ایک گولی سے ہچنز ہلاک اور ڈائریکٹر جوئل سوزا زخمی ہوئیں۔ سوزا اس وقت ہچنز کے پیچھے کھڑی تھیں۔
بالڈون نے بارہا کہا ہےکہ انہیں فلم کے عملے نے بتایا تھا کہ بندوق لوڈ نہیں کی گئی تھی اور بالڈون نے پہلے یہ اصرار بھی کیا تھا کہ انہوں نے ٹریگر نہیں دبایا حالانکہ ایف بی آئی کے آتشیں اسلحہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ یہ ممکن نہیں ہے۔
فلم انڈسٹری کے ہتھیاروں کے ایک نگران اور ''رسٹ‘‘ کے سیٹ پر کام کرنے والی ہنا گٹیریز ریڈ جمعہ کو عدالت میں پیش ہوئیں۔ انہوں نے آتشیں اسلحہ کی تربیت کے لیے مناسب وقت فراہم کرنے میں ناکامی اس فلم کے پروڈیوسرز کو تنقیدکا نشانہ بنایا۔ ریڈ پر بھی غیر ارادی قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ قصوروار نہ ہونے کی استدعا کریں گی۔
ریڈ نے پہلے او ایچ ایس بی کو بتایا تھا کہ یہ ہو سکتا ہے کہ بالڈون کے کم علم اور ریوالور کے ناقص طریقہ استعمال کی وجہ سے حادثاتی طور پر گولی چلی، جس سے ہچنز ہلاک ہو گئیں۔
بالڈون کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریوالور لوڈ کیا لیکن انہوں نے کبھی ٹریگر نہیں دبایا اور یہ گٹیریز ریڈ اور دیگر ہتھیاروں کے پیشہ ور افراد کا کام تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریوالور لوڈ نہیں۔ بالڈون کو غیر ارادی قتل کے الزامات کا سامنا ہے، جس پر انہوں نے جمعرات کو قصوروار نہ ہونے کی استدعا کی تھی۔
ش ر ⁄ (اے پی، روئٹرز)