فلم ’ٹائم مشین‘ کے ہیرو کا انتقال
9 جنوری 2015رَاڈ ٹیلر آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیدا ہوئے۔ بیس ویں صدی کے پانچویں عشرے میں وہ اداکار کے طور پر فلم اور ٹیلی وژن پر متعدد مرتبہ جلوہ گر ہوئے تاہم بڑی کامیابی اُنہیں فلم ’دی ٹائم مشین‘ کی صورت میں ملی۔ ہدایتکار جارج پال کی یہ فلم 1960ء میں منظرِ عام پر آئی تھی اور اسی فلم میں اپنے مرکزی کردار کے باعث رَاڈ ٹیلر کے لیے ہالی وُڈ کی فلمی دنیا کے دروازے کھل گئے تھے۔
ہالی وُڈ میں رَاڈ ٹیلر کو مایہ ناز ہدایتکار الفریڈ ہچکاک کی فلم ’دی برڈز‘ سے بھی شہرت ملی، جو 1963ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں ٹیلر کی چوراسی سالہ ساتھی اداکارہ ٹِپّی ہیڈرن نے جریدے ’پیپل‘ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا:’’رَاڈ میرے لیے ایک عظیم ساتھی تھا اور میرے لیے قوت کا ایک بڑا ذریعہ۔ ہم واقعی بہت قریبی دوست تھے۔ اُس شخص کی ہر بات اچھی تھی۔‘‘
’دی ٹائم مشین‘ کے ساتھ ساتھ رَاڈ ٹیلر نے ’دی ٹرین رَابرز‘ میں بھی اداکارجان وین کے ہمراہ اہم کردار ادا کیا تھا۔ مجموعی طور پر رَاڈ ٹیلر نے درجنوں فلموں میں کام کیا۔ 2010ء میں فلم ’انگلوریس باسٹرڈز‘ میں عمدہ کارکردگی پر اُنہیں سکرین ایکٹرز گِلڈ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اُنہوں نے ڈزنی کی کارٹون فلم ’ایک سو ایک ڈالماٹینر‘ کے لیے صدا کاری بھی کی تھی۔
فلم ’دی وی آئی پیز‘ میں رَاڈ ٹیلر ممتاز اداکارہ الزبتھ ٹیلر اور رچرڈ برٹن کے بالمقابل جلوہ گر ہوئے تھے۔ یہ فلم بھی 1963ء میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔
رَاڈ ٹیلر کے لواحقین میں ان کی ایک بیٹی فیلیسیا ٹیلر کے ساتھ ساتھ اُن کی تیسری بیوی کیرل کیکُومُورا بھی شامل ہیں، جن سے اُنہوں نے 1980ء میں شادی کی تھی۔