1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوکوشیما پلانٹ: خالی کرائے گئے علاقے سے باہر ’تابکاری میں کمی‘

2 اپریل 2011

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی IAEA کے مطابق جاپان میں زلزلے اور سونامی سے شدید متاثر ہونے والے فوکوشیما جوہری پلانٹ کے آس پاس خالی کرائے گئے 20 کلومیٹر کے علاقے سے باہر تابکاری میں روزانہ بنیادوں پر کمی ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/10mFA
تصویر: picture alliance/dpa

IAEA کے مطابق فوکوشیما جوہری پلانٹ کے قریب واقع علاقوں میں تابکاری میں کمی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دو روز قبل اس عالمی ادارے نے جاپان سے اپیل کی تھی کہ وہ اس پلانٹ کے اردگرد 40 کلومیٹر کے علاقے کو خالی کرائے۔ جاپانی حکومت نے فوکوشیما پلانٹ کے 20 کلومیٹر رداس کے علاقے کو Exclusion Zone جبکہ مزید 10 کلومیٹر کے علاقے کوStay Indoors Zone قرار دے رکھا ہے۔

Japan Erdbeben Tsunami Atomreaktor
فوکوشیما کا تباہ ہونے والے ایک ری ایکٹر کی عمارتتصویر: AP

جمعہ کے روز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پلانٹ سے 20 کلومیٹر رداس کے باہر واقع علاقوں سے لیے گئے مزید نمونوں سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ ان علاقوں میں تابکاری کے حوالے سے ’مسلسل بہتری‘ ہو رہی ہے۔

ایجنسی کی سربراہ برائے حادثات اور ایمرجنسی مرکز ایلینا بگلووا نے ویانا میں صحافیوں کو بتایا، ’نئے تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ خالی کرائے گئے علاقے سے باہر واقع دیہات میں تابکاری کی سطح اس حد سے کم ہے، جو کسی علاقے کو خالی کرانے کے لیے متعین ہے۔‘

ایلینا بگلووا کا کہنا ہے، ’ایک گاؤں کی مٹی کے 19 سے 29 مارچ کے درمیان لیے گئے نمونوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پہلی پیمائش کے بعد سے اب تک اس علاقے میں تابکاری کے حوالے سے خاصی بہتری آئی ہے۔‘

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے مطابق خالی کرائے گئے علاقوں کے باہر تابکاری میں گزشتہ دو روز سے مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

جاپان کے شمال مشرقی علاقے میں گزشتہ ماہ آنے والے بدترین زلزلے اور پھر سونامی لہروں کے باعث فوکوشیما کا جوہری بجلی گھر شدید متاثر ہوا تھا اور اس کے چار ری ایکٹرز کا کولنگ سسٹم مفلوج ہو گیا تھا، جس کے بعد سے اب تک جاپانی ماہرین ان ری ایکٹروں کو سنگین میلٹ ڈاؤن سے بچانے لیے ان کی فیول راڈز کو ٹھنڈا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں