فٹ بال: 18 برسوں میں برازیل کے خلاف پہلی جرمن فتح
11 اگست 2011جرمنی کی طرف سے پہلا گول سیباستیان شوائن شٹائیگر نے 61 ویں منٹ میں کیا تاہم شٹٹ گارٹ مقابلے کے مَین آف دی میچ 19 سالہ ماریو گوئٹسے رہے، جنہوں نے نہ صرف 67 ویں منٹ میں دوسرا گول کیا بلکہ ایک اور گول بھی اُنہی کے تعاون سے ہوا۔ جرمنی کی جانب سے تیسرا گول 80 ویں منٹ میں آندرے شُرلے نے کیا۔
جرمنی کی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے تمام گول وقفے کے بعد ہوئے۔ اس دوستانہ میچ میں برازیل کی جانب سے دو گول روبینیو (70 ویں منٹ میں) اور نیمار نے (90 ویں منٹ میں) کیے۔ برازیل کے خلاف یہ جرمنی کی مجموعی طور پر چوتھی جیت تھی۔ گزشتہ مہینے کوپا امریکہ کے کوارٹر فائنل سے خارج ہونے کے بعد اب جرمنی سے بھی شکست کو برداشت کرنا برازیل کی ٹیم کے لیے آسان ہرگز نہیں ہو گا۔
بدھ کی شب اور بھی کئی دوستانہ میچ کھیلے گئے۔ اٹلی کے شہر باری میں کھیلے جانے والے ایک میچ میں 2006ء کے عالمی چیمپئن اٹلی نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ انگلینڈ اور ہالینڈ کے درمیان مجوزہ میچ لندن میں ہنگاموں کے سبب ملتوی کر دیا گیا تھا۔
دیگر کچھ نتائج یوں رہے: جاپان نے جنوبی کوریا کو تین صفر سے، پرتگال نے لکسمبرگ کو پانچ صفر سے جبکہ روس نے سربیا کو ایک صفر سے شکست دی۔ فرانس اور چلی کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ سکاٹ لینڈ نے ڈنمارک کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے جبکہ آسٹریلیا نے بھی ویلز کو ایک کے مقابلے میں دو ہی گول سے ہرا دیا۔
یورپی فٹ بال چیمپئن شپ 2012ء کے میزبانوں میں سے پولینڈ نے جارجیا کو ایک صفر سے ہرا دیا جبکہ یوکرائن کو سویڈن کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست اٹھانا پڑی۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: مقبول ملک