فٹ بال ورلڈ کپ: جرمن ٹیم کا میچ آج اتوار کو
13 جون 2010فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں گزشتہ روز تین میچ کھیلے گئے اور تین میں سے دو میں فیصلہ کن نتیجہ سامنے آیا۔ گروپ اے اور گروپ بی کے تمام میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ گروپ بی میں ارجنٹائن اور جنوبی کوریا کے تین تین پوائنٹس ہیں۔ گروپ سی میں انگلینڈ کی ٹیم تین پوانٹس حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ گروپ بی میں جنوبی کوریا کی ٹیم زیادہ گول کرنے کی وجہ سے گروپ لیڈر ہے اور ارجنٹائن کی پوزیشن دوسری ہے۔
ارجنٹائن بمقابلہ نائیجیریا
افریقی ملک نائیجیریا کی ٹیم کو سپر ایگل کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن نے بطور فیورٹ ٹیم کے آغاز عمدہ طریقے سے کیا اور اپنا پہلا میچ جیت کر تین پوائنٹ حاصل کر لئے ہیں۔ میچ کے دوران ارجنٹائن کی ٹیم نے گول کرنے کے بہت سارے مواقع ضائع بھی کئے لیکن میچ پر مسلسل ان کی گرفت قائم رہی۔ اس میچ میں عالمی شہرت کے فارورڈ لیونل میسی کا کھیل دیکھنے کے لائق تھا اور ان کے شاندر کھیل کے جواب میں نائیجیریا کی ٹیم کے مشہور گول کیپر Vincent Enyeama - Chidi Odiah کی مہارت شاندار تھی۔ یہ ایک زور دار میچ تھا، جس میں ارجنٹائن کی ٹیم کا کھیل شاندار رہا۔ ارجنٹائن کی جانب سے اکلوتا گول گبریل ہائنزے نے میچ کے چھٹے منٹ میں کر دیا تھا۔ یہ میچ جوہانس برگ کے ایلیز پارک میں کھیلا گیا تھا۔
جنوبی کوریا بمقابلہ یونان
جنوبی افریقہ کے ساحلی شہر پورٹ الزبتھ میں جنوبی کوریا کا مییچ یورپی ملک یونان سے تھا۔ کوالیفائنگ مرحلے میں جنوبی کوریائی ٹیم ناقابلِ شکست تھی اور اس ورلڈ کپ کی ابتدا بھی اُس نے جیت سے کی ہے۔ گروپ بی کے اس میچ میں جنوبی کوریائی ٹیم نے یورپی ٹیم کو دو گولوں کے فرق سے ہرا دیا۔ یہ گول کوریائی کھلاڑیوں لی ژونگ سُو اور پارک ژی سونگ نے کئے۔ سارے میچ میں یونانی ٹیم کے کھلاڑی آؤٹ آف فارم دکھائی دے رہے تھے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یونانی ٹیم کا یہی کھیل جاری رہا تو وہ گروپ مرحلے ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتی ہے۔
انگلینڈ بمقابلہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ
گروپ سی کا پہلا میچ انگلینڈ اور امریکی ٹیم کے درمیان تھا۔ ماہرین کا خیال تھا کہ انگلش ٹیم ایک بڑے فرق سے میچ میں کامیابی حاصل کرے گی لیکن ایسا نہ ہوا۔ میچ ایک ایک گول کے ساتھ برابری پر ختم ہوا۔ میچ کے چوتھے منٹ میں انگریز ٹیم کے کپتان سٹیون جیرارڈ نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔ امریکہ کے کلنٹ ڈیمپسی نے چالیسویں منٹ میں گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ بعد میں انگلش ٹیم کے حملوں کو امریکی ٹیم کے گول کیپر نے ناکام بنا دیا۔ یہ میچ روسٹن برگ کے رائل بافوکینگ سٹیڈیم پر کھیلا گیا، جو رواں ورلڈ کپ کا سب سے چھوٹا سٹیڈیم ہے۔
اتوار کے میچ
آج اتوار کو بھی تین میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ پہلا میچ الجزائر اور سلووینیا کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ یہ گروپ سی کا میچ ہے۔ گروپ ڈی میں افریقی ملک گھانا کی ٹیم کو سیربیا کی ٹیم کا سامنا ہے اور تیسرے میچ میں سابق عالمی چیمپیئن جرمنی کے مدمقابل آسٹریلیا کی ٹیم ہے۔ بعض مبصرین کے مطابق جرمن ٹیم مخالف ٹیم کے مقابلے میں زیادہ متوازن ہے لیکن جرمن ٹیم کے کوچ ژوآخم لوئیو کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم ایک خطرناک ٹیم ہے، جو کسی بھی ٹیم کے دفاع کو درہم برہم کر سکتی ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: امجد علی