فٹ بال ورلڈ کپ کے دلچسپ حقائق
فٹ بال ورلڈ کپ کے دلچسپ حقائق
طویل القامت کھلاڑی
روس میں کھیلے جانے والے فٹ ورلڈ کپ میں کُل 736 کھلاڑی شریک ہیں اور ان میں صرف ایک کھلاڑی ایسا ہے جس کی قامت دو میٹر سے زیادہ ہے۔ یہ کروشیا کے گول کیپر لوور کالینِچ ہیں۔ ان کا قد 2.01 میٹر ہے۔
ورلڈ کپ میں شریک دو اور طویل قامت فٹ بالر
ڈنمارک کے فٹ بالر ژانک ویسٹر گارڈ اور بیلجیم کے گول کیپر زتھیبو کوٹوآ (Thibaut Courtois) کے قد 1.99 میٹر ہیں۔ ڈینش طویل القامت کھلاڑی جرمن بنڈس لیگا میں فٹ بال کلب مؤنشن گلاڈباخ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ سیاہ اور سفید وردی میں ویسٹر گارڈ ہیں۔
سب سے چھوٹے قد والا کھلاڑی
اس صف میں سعودی عرب کے مڈ فیلڈر یحیٰ الشہری سب سے آگے ہیں۔ تصویر میں وہ سبز وردی پہنے ہوئے ہیں۔ اُن کا قد 1.64 میٹر ہے۔ وہ اپنے ہیڈ کے ذریعے گول کرنے میں خاصی مہارت رکھتے ہیں۔
سب سے زیادہ عمر والا فٹ بالر
مصر کے گول کیپر اعصام الحیدری (سیاہ یونیفارم میں) سب سے زیادہ عمر رکھتے ہیں۔ وہ رواں برس جنوری میں پینتالیس برس کے ہوئے ہیں۔ وہ صرف روس میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ ہی کے نہیں بلکہ فٹ بال کھیلنے والے تقریباً سبھی ملکوں میں سب سے زیادہ طویل العمر فٹ بالر ہیں۔ اُن کی عمر اس ورلڈ کپ کی تین ٹیموں کے کوچز سے بھی زیادہ ہے۔
کم عمر ترین فٹ بالر
روس میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں شریک تمام کھلاڑیویں میں آسٹریلیا کے ڈینئل ارزانی کی عمر صرف انیس برس ہے۔ وہ ورلڈ کپ میں شامل اکلوتے ٹین ایجر ہیں۔ ورلڈ کپ میں سب سے کم عمر فٹ بالر کا ریکارڈ نائجیریا کے فیمی اوپا بُرنمی کے پاس ہے۔ انہوں نے سن 2002 کے ورلڈ کپ میں سترہ برس کی عمر میں شرکت کی تھی۔
بزرگ ترین کوچ
لاطینی امریکی ملک یوروگوئے کی ٹیم کے کوچ اوسکار تبریز کی عمر اکہتر برس ہے۔ وہ یورو گوئے کے کئی فٹ بال کلبوں کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے بتیس برس کی عمر کھیل سے ریٹائرمنٹ لے کر کوچنگ شروع کر دی تھی۔ لاطینی امریکی فٹ بال کے حلقے انہیں ’المائسٹرو‘ یعنی استاد کی عرفیت سے پکارتے ہیں۔
ورلڈ کپ کے سب سے بزرگ کوچ
ورلڈ کپ کی پوری تاریخ میں بزرگ ترین کوچ کا ریکارڈ یونان کی قومی ٹیم کے جرمن کوچ اوٹو ریہاگیل کو حاصل ہے۔ انہوں نے سن 2010 کے ورلڈ کپ میں یونانی ٹیم کے کوچ تھے۔ اُس وقت وہ بہتر برس کے قریب تھے۔ وہ بریمن اور بائرن میونخ کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔ وہ اسی برس کی عمر میں بھی بہت صحت مند ہیں۔
کم عمر ترین کوچ
افریقی ملک سینیگال کی قومی ٹیم کے کوچ علی السیسے (چھ نمبر شرٹ) ہیں۔ وہ صرف 42 برس کے ہیں اور روس میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے سب سے کم عمر کوچ ہیں۔ السیسے اپنے ملک کی جانب سے فٹ بال بھی کھیلتے رہے ہیں۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے کم عمر کوچ ارجنٹائن کے ہوزے ترامُوتولا تھے۔ وہ 27 برس کی عمر میں ارجنٹائنی ٹیم کے کوچ بنا دیے گئے تھے۔ وہ سب سے پہلے ورلڈ کپ سن 1930 میں ارجنٹائنی ٹیم کے کوچ تھے۔
ورلڈ کپ کا مہنگا ترین کھلاڑی
برازیل کی ٹیم کے کپتان نیمار کو سن 2018 کے ورلڈ کپ کا سب سے مہنگا ترین فٹ بالر سمجھا جاتا ہے۔ فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین نے اُن کی بارسلونا سے ریلیز کے لیے 261 ملین ڈالر ادا کیے تھے۔
فٹ بال کا ورلڈ کپ چودہ جون سے روس کی میزبانی میں شروع ہو گیا ہے۔ اس ورلڈ کپ اور سابقہ عالمی مقابلوں میں حقائق خاصے دلچسپ ہیں اور توجہ کے طالب بھی۔