1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: پولينڈ کی ورلڈ چيمپئن جرمنی کے خلاف تاريخی فتح

عاصم سلیم12 اکتوبر 2014

يورو 2016ء کے کواليفائنگ مرحلے ميں گزشتہ روز کھيلے گئے گروپ ڈی کے ايک ميچ پولينڈ نے جرمنی کو صفر دو سے ہراتے ہوئے تاريخ رقم کر دی ہے۔ فٹ بال کی تاريخ ميں پولينڈ کی جرمنی کے خلاف يہ پہلی فتح ہے۔

https://p.dw.com/p/1DTl1
تصویر: Reuters/Kacper Pempel

ہر چار برس بعد کھيلے جانے والے يورپی فٹ بال ٹيموں کے معروف ٹورنامنٹ یورو کپ کے کوالیفائنگ مقابلوں میں ہفتہ گيارہ اکتوبر کے روز کھیلے گئے گروپ ڈی کے ایک اہم میچ میں پولینڈ نے عالمی چیمپئن جرمنی کو دو صفر سے مات دے دی۔ پولينڈ کے دارالحکومت وارسا میں کھیلے گئے اس میچ میں ميزبان ٹيم کے ليے سباستیان مِلا اور آرکادیوش میلِک نے ايک ايک گول اسکور کيا۔

فٹ بال کی تاريخ ميں پولينڈ کی جرمنی کے خلاف يہ پہلی فتح ہے۔ ہفتے کو کھيلے گئے اس ميچ سے قبل پولش ٹيم موجودہ جرمن ٹيم يا مغربی اور مشرقی جرمنی کے الحاق سے قبل دو مختلف جرمن ٹيموں کے خلاف اپنے اٹھارہ ميں سے بارہ ميچ ہار چکی تھی۔ يہ امر بھی اہم ہے کہ پولش ٹيم کے کھلاڑی اپنے آخری چھ بين الاقوامی ميچوں ميں صرف ايک مرتبہ ہی گول کر پائے تھے۔

EM-Qualifikation Polen - Deutschland 11.10.2014
فٹ بال کی تاريخ ميں پولينڈ کی جرمنی کے خلاف يہ پہلی فتح ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Thomas Eisenhuth

اس کواليفائنگ ميچ ميں کاميابی کے بعد پولينڈ چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ ڈی ميں اب پہلی پوزيشن پر ہے۔ پولينڈ کی ٹيم يورپی چيمپئن شپ 2016ء کے کواليفائنگ مرحلے ميں اپنے آخری سات ميچوں ميں ناقابل شکست ثابت ہوئی ہے۔

بعد ازاں قومی ٹيم کے کوچ آڈم نوالکا نے ذرائع ابلاغ سے بات چيت کرتے ہوئے کہا، ’’ايسے مقابلوں ميں ٹيم کے ارکان کو شناخت ملتی ہے۔ ميں اميد کرتا ہوں کہ يہ پولش قومی ٹيم کے ليے ايک نئی شروعات ہو گی۔‘‘

دوسری جانب جرمن فٹ بال ٹیم گزشتہ سات برس بعد یورپ کے اس متعبر فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پہلی مرتبہ شکست سے دوچار ہوئی ہے۔ جرمن ٹيم يورو کپ کے کواليفائنگ راؤنڈ ميں آخری مرتبہ 1998ء ميں کوئی ميچ ہاری تھی۔ گروپ ڈی ميں اب اپنے دو ميچ کھيلنے کے بعد جرمنی کے پوائنٹس کی تعداد تين ہے اور ٹيم چوتھی پوزيشن پر ہے۔

عالمی چيمپئن جرمن قومی فٹ بال ٹيم کے کوچ يوآخم لوو نے کھلاڑيوں پر زور ديا ہے کہ وہ منگل کے روز آئرلينڈ کے خلاف اپنا اگلا ميچ جيت کر جرمن ٹیم کو يورو کواليفائنگ مرحلے میں دوبارہ پٹری پر چڑھائيں۔ دريں اثناء گزشتہ روز ہی جمہوریہ آئرلینڈ نے جبرالٹر کو ایک میچ سات صفر سے ہرا کر گروپ ڈی میں دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔