فٹبال رینکنگ: جرمنی پھر پہلے نمبر پر
6 جولائی 2017عالمی چیمپئن جرمنی نے اتوار دو جولائی کو ہی کنفیڈریشن کپ کے فائنل میں چلی کو ایک صفر سے مات دے کر یہ ٹائٹل پہلی بار اپنے نام کیا تھا۔ اس کامیابی سے جرمنی کی ٹیم فیفا کی بین الاقوامی رینکنگ میں تیسرے نمبر سے دو درجے ترقی کر کے پہلے نمبر پر آ گئی۔
سن دو ہزار چودہ میں عالمی کپ میں کامیابی حاصل کرنے والی جرمن ٹیم نے دو سال بعد ایک مرتبہ پھر سے فیفا کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ان دو برسوں کے دوران برازیل، ارجنٹینا اور بیلجیئم کی ٹیمیں عالمی رینکنگ میں سرفہرست رہ چکی ہیں۔عالمی چیمپئن جرمنی نے اتوار دو جولائی کو ہی کنفیڈریشن کپ کے فائنل میں چلی کو ایک صفر سے مات دے کر یہ ٹائٹل پہلی بار اپنے نام کیا تھا
آج جمعرات چھ جولائی کو جاری کردہ فیفا کی اس رینکنگ لسٹ میں برازیل اور ارجنٹائن کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ پر تگال کی ٹیم روس میں ہونے والے کنفیڈریشن کپ میں تیسرے نمبر پر رہی تھی اور اس کارکردگی کی بناء پر یہ عالمی رینکنگ میں چار درجے ترقی کر کے اب چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی طرف سے جاری کردہ نئی رینکنگ میں سوئٹزرلینڈ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ پولینڈ کی ٹیم اپنے گزشتہ درجے میں بہتری لاتے ہوئے اب چھٹے نمبر پر پے۔ کنفیڈریشن کپ کے فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہو نے والی چِلی کی ٹیم اس رینکنگ میں تین درجے کی تنزلی کے ساتھ اب ساتویں نمبر پر ہے۔ آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر بالترتیب کولمبیا، فرانس اور بیلجیئم ہیں۔