1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیض احمد فیض، انتہا پسندی کے رد کا شاعر

شامل شمس/ عاطف توقیر21 نومبر 2013

مغرب میں ’نیرودا آف اردو پوئٹری‘ کہلائے جانے والے فیض احمد فیض نے سماجی مسائل کو مختلف احساسات سے جوڑتے ہوئے یادگار رومانوی گیتوں کا حصہ بنا دیا۔ ان کی 29 ویں برسی بیس نومبر کو منائی گئی۔

https://p.dw.com/p/1ALkI
تصویر: Wikimedia

لبرل اور سیکولر اقدار پر یقین رکھنے والے فیض احمد فیض اپنی ترقی پسندانہ سوچ اور شاعری سے پاکستان کی اب تک کی تین نسلوں کو متاثر کر چکے ہیں۔ خودکو مارکسسٹ کہنے والے فیض تیرہ فروری 1911ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور اُن کا انتقال 20 نومبر 1984ء کو لاہور میں ہوا۔ فیض نے سن 1962ء میں تب کے سوویت یونین سے لینن امن انعام بھی حاصل کیا تھا۔ انہیں سیاسی جدوجہد کی متعدد تحریکوں کا حصہ ہونے پر ملک کے آمروں نے کئی بار جیل بھی بھیجا۔

فنون اور اسلامی تاریخ و فلسفے کے پروفیسر سید نعمان الحق نے ڈی ڈبلیو سے اپنے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ کس طرح فیض نے پاکستان اور دیگر مسلم ممالک میں انتہا پسندانہ نظریات کے جوابی بیانیےکو اپنی شاعری کا حصہ بنایا۔

Pablo Neruda Literaturnobelpreis Stockholm Schweden
پابلو نیرودا کو بھی تقریباﹰ ویسے ہی حالات کا سامنا رہا، جیسے فیض کو درپیش رہےتصویر: Hulton Archive/Getty Images

جب پوچھا گیا کہ وہ کیا شے ہے، جو فیض کے انتقال کے تیس برس بعد بھی ان کی شاعری کو اہم بنائے ہوئے ہے، تو پروفیسر حق کا کہنا تھا، ’ان کی شاعری کے معیار اور شاعرانہ اظہاریے کی بات کی جائے تو اردو شاعری میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ ان کے استعارے، الفاظ، موسیقیت اور شاعرانہ خاکے کبھی متروک ہوتے دکھائی نہیں دیتے۔ یہ وقت سے ماورا معاملات ہیں۔ یہ کائناتی مسائل ہیں اور کسی خاص ملک یا گروہ تک موقوف نہیں۔‘

اس سوال کے جواب پر کہ فیض کی شاعری اپنی فطرت میں سیاسی رنگ لیے ہوئے ہے، اس کے پاکستان عوامی رویوں پر کیا اثرات پڑے، پروفیسر حق کا کہنا تھا، ’اچھی شاعری آگہی کے ایک محرک کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہے مگر فیض اس جہت میں زیادہ مؤثر رہے، کیوں کہ ان کے ہاں روز مرہ کے محاورے ملتے ہیں۔ مگر مجھے کہنے دیجیے کہ یہ کوئی انوکھا اسلوب نہیں۔ میر، غالب اور حافظ جیسے عظیم شعراء نے ہمارے ذہنوں کو روشن کیا، ہمیں دنیا بھر میں موجود تنوع اور اختلافات کو سمجھنا اور ان کا احترام کرنا سکھایا۔ فیض ایک طرف افریقہ کے مسائل پر پُرنَم دکھائی دیتے ہیں اور ساتھ ہی فلسطین کے مسئلے کی بابت بات کرتے نظر آتے ہیں۔ شاعری کی سب سے خاص بات ہی یہ ہے کہ یہ ہمیں دوسروں کا درد محسوس کرنا سکھاتی ہے۔ فیض کی شاعری میں مسلم انتہا پسندانہ نظریات کا برملا رد بھی دکھائی دیتا ہے۔ ‘

فیض احمد فیض اور چلی کے شاعر پابلو نیرودا کے موازنے اور یکساں اظہاریوں کی بابت پروفیسر نعمان الحق کا کہنا تھا، ’فیض اور نیرودا، دونوں کا تعلق تیسری دنیا سے تھا۔ فیض نے اپنی زندگی میں جیسے معاملات کا سامنا کیا، نیرودا کو بھی اپنے ملک میں تقریباﹰ ویسے ہی مسائل دیکھنا پڑے۔ فیض اپنی شاعری میں صرف مجازی مسائل پر ہی توجہ نہیں دیتے بلکہ ٹھوس حقائق کا ذکر کرتے ہوئے ملتے ہیں۔ نیرودا کے معاملے میں بھی یہ بات درست ہے۔ دونوں نے حقیقی مسائل کو موضوع بنایا۔ روٹی کی بات کی۔ سلامتی اور امن پر قلم اٹھایا۔ دونوں کی شاعرانہ حسیات ہی یکساں نہیں تھیں بلکہ ان کی زندگیوں سے جڑے سماجی و سیاسی مسائل بھی تقریباﹰ ایک سے تھے۔‘

Dr. S. Nomanul Haq Porträt
پروفیسر نعمان الحق کے مطابق فیض کی شاعری انتہاپسندی کا رد لیے ہوئے ہےتصویر: Shamil Shams

فیض احمد فیض کی شاعری سے انتخاب

صبح پھوٹی تو آسماں پہ ترے

رنگِ رخسار کی پھوار گری

رات چھائی تو روئے عالم پر

تیری زلفوں کی آبشار گری

ہم نے جو طرزِ فغاں کی ہے قفس میں ایجاد

فیض گلشن میں وہی طرزِ بیاں ٹھہری ہے

عاجزی سیکھی، غریبوں کی حمایت سیکھی

یاس و حرمان کے، دکھ درد کے معنی سیکھے

زیر دستوں کے مصائب کو سمجھنا سیکھا

سرد آہوں کے، رُخ زرد کے معنی سیکھے

نثار میں تری گلیوں کے اے وطن کہ جہاں

چلی ہے رسم کہ کوئی نہ سراُٹھا کے چلے

جو کوئی چاہنے والا طواف کو نکلے

نظر چُرا کے چلے، جسم و جاں بچا کے چلے

متاحِ لوح و قلم چِھن گئی تو کیا غم ہے

کہ خونِ دل میں ڈبو لی ہیں انگلیاں میں نے

زباں پہ مہر لگی ہے تو کیا کہ رکھ دی ہے

ہر ایک حلقۂ زنجیر میں زباں میں نے

ستم کی رسمیں بہت تھیں لیکن، نہ تھیں تری انجمن سے پہلے

سزا خطائے نظر سے پہلے، عتاب جرمِ سخن سے پہلے

جو چل سکو تو چلو کہ راہِ وفا بہت مختصر ہوئی ہے

مقام ہے اب کوئی نہ منزل، فرازِ دار و رسن سے پہلے

ہم اہل قفس تنہا ہی نہیں، ہر روز نسیم صبحِ وطن

یادوں سے معطر آتی ہے، اشکوں سے منور جاتی ہے

یہ داغ داغ اُجالا‘ یہ شب گزیدہ سحر

وہ انتظار تھا جس کا‘ یہ وہ سحر تو نہیں

یہ وہ سحر تو نہیں جس کی آرزو لے کر

چلے تھے یار کہ مل جائے گی کہیں نہ کہیں

فلک کے دشت میں تاروں کی آخری منزل

کہیں تو ہو گا شبِ سست موج کا ساحل

کہیں تو جا کے رُکے گا سفینۂ غمِ دل