فیفا فٹبال ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز
26 جون 2010گروپ میچز سے جمعہ کو پرتگال، برازیل، سپین اور چلی نے اگلے مرحلے میں اپنی جگہ بنائی۔ پرتگال اور برازیل کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ سپین نے چلی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اسی دن کھیلے گئے بقیہ دو مقابلوں میں آئیوری کوسٹ نے شمالی کوریا کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ سوئٹزرلینڈ اور ہونڈوراس کا مقابلہ صفر صفر سے برابر رہا۔
برازیل اور پرتگال گروپ جی سے اگلے مرحلے تک پہنچے ہیں۔ شائقین کے نکتہ نظر سے یہ میچ انتہائی غیر دلچسپ رہا۔ برازیل کے کھلاڑیوں نے پھیکے کھیل کی ذمہ داری پرتگال کی دفاعی پالیسی پر ڈالی ہے۔ برازیل کے سٹرائیکر لوئیس فابیانو کے بقول پرتگال نے تمام گیارہ کھلاڑیوں کو ڈی کے اردگرد جمع کر رکھا تھا اور وہ مقابلہ ڈرا کرنے پر تلے ہوئے تھے۔
اس گروپ میں برازیل نے تین میچز میں سے دو جیتے، ایک برابر رہا اور اپنے گروپ میں سات پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست رہا۔ ناک آؤٹ مرحلے میں برازیل کا مقابلہ چلی سے ہوگا۔ اسی گروپ میں پرتگال نے تین میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی اور دو برابر کھیل کر پانچ پوائنٹس سمیٹے۔ پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پرتگال کا مقابلہ سپین سے ہوگا۔
جمعہ کا دن آئیوری کوسٹ اور سوئٹزرلینڈ کے لئے مایوس کن رہا۔ اگرچہ آئیوری کوسٹ نے شمالی کوریا کو تین گول کے واضح فرق سے شکست دی تاہم اس سے قبل کھیلے گئے اپنے دو میچز میں سے وہ ایک میں شکست کھا چکا تھا اور ایک برابر کھیل کر ممجموعی طور پر محض چار پوائنٹس بنا سکا۔
اسی طرح گروپ ایچ کی یورپی ٹیم سوئٹزرلینڈ وسطی امریکہ کی ٹیم ہونڈوراس سے آخری مقابلہ برابر کھیل کر بھی چار پوائنٹس تک محدود رہی۔ سوئٹزرلینڈ اپنے پہلے دو مقابلوں میں سے ایک میں فتحیاب رہا اور ایک میں اسے ناکامی کا سامنا رہا۔ گروپ ایچ سے اگلے مرحلے میں پہنچنے والی یورپی ٹیم سپین نے لاطینی امریکہ کی ٹیم چلی کو جمعہ کے دن ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
ہفتے سے ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہورہا ہے۔ جنوبی افریقہ میں مقامی وقت شام چار بجے یورو گوائے اور جنوبی کوریا کے درمیان اس سلسلے کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ یورو گوائے گروپ اے کی سرفہرست ٹیم ہےجبکہ جنوبی کوریا گروپ بی میں دوسرے نمبر پر رہی تھی۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: ندیم گِل