1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ، برازیل اور کولمبیا کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

عاطف بلوچ29 جون 2014

فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر مرحلے میں میزبان ٹیم برازیل نے پنلٹی شوٹ آؤٹ پر چلی کو شکست دے دی جبکہ کولمبیا نے ایک آسان مقابلے کے بعد یوروگوائے کو دو صفر سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/1CS99
تصویر: Francois Xavier Marit/AFP/Getty Iamges

فیفا ورلڈ کپ 2014ء کے سلسلے میں بروز ہفتہ مجموعی طور پر دو پری کوارٹر فائنل کھیلے گئے، جن میں لاطینی امریکی ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل تھیں۔ پہلے میچ میں برازیل کو چلی کا سامنا تھا، جس میں چلی نے میزبان ٹیم کو ایک سخت مقابلہ دیا۔ مقررہ نوے منٹ کے کھیل میں یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ تیس منٹ کے اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم مزید گول نہ کر سکی۔ یوں بات پنلٹی شوٹ آؤٹ تک پہنچ گئی، اور ایک ڈرامائی صورتحال میں برازیل نے پنلٹی شوٹ آؤٹ میں یہ میچ دو کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔

WM 2014 Achtelfinale Brasilien Chile
برازیل کی ٹیم کے ہزاروں شاسقین میدان میں موجود تھےتصویر: Eitan Abramovich/AFP/Getty Images

برازیلی گول کیپر جولیو سیزر نے پنلٹی شوٹ آؤٹ پر سانچیز اور پینیلا کی طرف سے لگائی کی ککس کو روک لیا جبکہ گونزالا جارا نے اپنی کک باہر پھینک دی۔ دوسری طرف چلی کے گول کیپر نے ہُلک کی کک روکی اور ڈیوڈ لوئیس نے پنلٹی کک ضائع کر دی۔ قبل ازیں مقررہ وقت میں برازیل کی طرف سے لوئیس نے اٹھارہویں منٹ میں گول کیا جبکہ سانچیز نے 32 ویں منٹ میں گول کر کے میچ برابر کر دیا تھا۔

میچ کے بعد برازیلی کوچ لوئیس فلپے اسکولاری نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم خوش قسمت رہی، ’’اگر آپ کو کوئی موقع ملے اور آپ اس سے فائدہ نہ اٹھائیں تو آپ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جاتے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ برازیل کو دوسرا گول کرنے کے تین یا چار موقع ملے لیکن انہیں برتری نہ مل سکی،’’ہماری ٹیم نے فٹ بال کو چلی کی ٹیم کے مقابلے میں زیادہ کنٹرول میں رکھا اور گول پر حملے بھی زیادہ کیے لیکن جب کوئی ٹیم گول نہ کر سکے تو اسے زیادہ خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔‘‘

WM 2014 Achtelfinale Brasilien Chile
برازیل کو چلی کی ٹیم نے سخت مقابلہ دیاتصویر: Reuters

اسکولاری کے بقول اس میچ میں چلی نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا، ’’ چلی ٹیم ایک متوازن ٹیم ہے اور اس نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک پُرتناؤ کھیل میں برازیلی کھلاڑیوں نے بھی اچھا کھیل پیش کیا۔ اس میچ کے ابتداء میں ہی برازیلی اسٹار کھلاڑی نیمار معمولی زخمی ہو گئے تھے لیکن وہ باہر نہ گئے۔ اسکولاری نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے میچ تک نیمار مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

برازیل کی ٹیم اب چار جولائی کو کوارٹر فائنل میں کولمبیا کے مد مقابل آئے گی۔ ہفتے کے دن ہی ایک دوسرے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں کولمبیا نے یوروگوائے کو دو صفر سے مات دی۔ اس میچ میں دونوں گول اسٹار کھلاڑی جیمز ریڈریگوز نے کیے۔

آج بروز اتوار پری کوارٹر فائنل میں ہالینڈ اور میکسیکو جبکہ کوسٹاریکا کا مقابلہ یونان سے ہو گا۔ ان دونوں میچوں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں مد مقابل آئیں گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید