1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قادر خان کی موت پر ان کے مداح افسردہ

1 جنوری 2019

بھارت کے نامور اداکار قادر خان 81 سال کی عمر میں کینیڈا میں انتقال کر گئے۔  بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں قادر خان کے مداح غمزدہ  ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3Ar85
Indian Kader Khan
تصویر: Getty Images/AFP/STRDEL

آل انڈیا ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق قادر خان ٹورونٹو  کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ وہ سانس کی تکلیف کے علاوہ کئی دیگر بیماریوں میں مبتلا تھے۔ قادر خان کے بیٹے سرفراز نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تدفین کینیڈا میں ہی ہوگی کیوں کہ ان کا خاندان وہیں مقیم  ہے۔

بھارت اور پاکستان کی کئی نامور شخصیات نے قادر خان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا،'' قادر خان نے اپنی اداکاری کی صلاحیتوں اور حس مزاح سے اسکرین کو روشن رکھا۔ وہ ایک بہترین فلم نگار بھی تھے۔‘‘

بالی وڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن نے قادر خان کو یاد کرتے ہوئے اپنے فیس بک پیج پر لکھا،’’قادر خان ہم میں نہیں رہے۔ وہ ایک شاندار اسٹیج پرفارمر تھے، ایک بہترین لکھاری۔ کئی فلموں میں میرا اور ان کا بہت خوشگوار وقت گزرا۔‘‘

پاکستانی صحافی حامد میر نے قادر خان کو ان الفاظ میں یاد کیا،’’ قادر خان کابل میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بچپن کوئٹہ میں گزارا اور ممبئی میں مشہور ہوئے۔ پاکستان، افغانستان اور بھارت کے عوام انہیں یاد کرتے رہیں گے۔‘‘