قدیم اور جدید، جرمنی کے شاندار کتب خانے
سائنس دان ايلبرٹ آئن سٹائن نے ايک مرتبہ کہا تھا کہ وہ واحد چيز جس کا آپ کو لازمی طور پر پتہ ہونا چاہيے، وہ لائبريری کا پتہ ہے۔ جرمنی ميں 24 اکتوبر کو لائبريريز کا دن قومی منايا گيا۔ ديکھيے جرمنی کی چند شاندار لائبريريز۔
اشٹٹ گارٹ کی ميونسپل لائبريری
اس نو منزلہ لا ئبريری کو دانشوری و ثقافتی مرکز کے طور پر سن 2011 ميں تعمير کيا گيا۔ ايک چوکور کيوب کی شکل ميں يہ لائبريری باہر سے سرمئی رنگ کی ہے اور اندر ہر طرف صرف سفيد رنگ دکھائی ديتا ہے۔ رات ميں يہ لا ئبريری مختلف رنگوں کی روشنيوں سے جگمگا جاتی ہے۔ اشٹٹ گارٹ کی ميونسپل لائبريری کا شمار جرمنی کی سب سے دلکش لائبريريز ميں ہوتا ہے۔
ڈچس انا اماليا لائبريری
وائمار شہر ميں ڈچس انا اماليا لائبريری ايک چھپا ہوا نگينہ ہے۔ يہاں نہ صرف ناياب کتابيں بلکہ پرانے نقشے، موسيقی اور کئی قديم دستاويزات موجود ہيں۔ لائبريری کا نام اس ڈچس سے منسوب کيا گيا ہے جس نے سن 1766 ميں اس بات کو يقينی بنايا تھا کہ کتابوں کا مجموعہ ’روکوکو لائبريری‘ منتقل کيا جائے۔
ہيرزوگ اگست لائبريری
’ببليوٹيکا آؤگستا‘ يا ہيرزوگ اگست لائبريری جرمن شہر ولفن بوٹل ميں ہے۔ يہ دنيا کی قديم ترين لائبريريوں ميں سے ايک ہے۔ خاص بات يہ ہے کہ اس لائبريری ميں بہت سی قديم کتابيں ہيں جو ہميشہ ہی سے اس کا حصہ رہی ہيں۔ ڈيُوک اگست نامی کتابيں جمع کرنے والی ايک معروف شخصيت نے پندرہويں اور سولہويں صدی ميں اسے تعمير کيا تھا۔ قرون وسطی ادب کے مواد کے لیے اسکالرز اس لائبریری کا رخ کرتے ہیں۔
فاسٹر لائبريری
اپنی مخصوص شکل کی وجہ سے اس لا ئبريری کو ’دا برين‘ يا انسانی دماغ کہا جاتا ہے۔ يہ لائبريری نہ صرف اپنے فن تعمير کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ يہاں فلسفے پر کتابوں کا ايک بہترين مجموعہ ہے۔ اس لائبريری کو معروف آرکيٹيکٹ نارمن فاسٹر نے ڈيزائن کيا تھا اور اس کا افتتاح سن 2007 ميں کیا گیا تھا۔
اوبرلاؤزٹس لائبريری
اوبرلاؤزٹس لائبريری آف سائنسز گئرلٹز ميں واقع ہے، پولينڈ کی سرحد کے بالکل پاس۔ سادہ مگر پرکشش لا ئبريری اٹھارويں صدی کے آغاز پر قائم کی گئی تھی۔ خطے کی تاريخ، مقامی ثقافت و سماجی کے ساتھ ساتھ فطرت پر ايک لاکھ چاليس ہزار سے زائد کتابيں اس لائبريری کی زينت ہيں۔
جيکب اينڈ ولہيلم گِرم سينٹر
شاندار گِرم سينٹر برلن کی ہمبولٹ يونيورسٹی کا حصہ ہے۔ دس برس قبل تعمير کردہ اس کمپليکس ميں لائبريری کے علاوہ چند اور محکمے بھی شامل ہيں۔ مگر عمارت کا دل ’ريڈنگ روم‘ يا يہ لائبريری ہی ہے۔ يہاں بيٹھنے والوں کو يہ کھلے آسمان تلے پڑھنے کا احساس دلا تا ہے۔
باويرين اسٹيٹ لائبريری
اس لائبريری کی کليکشن سولويں صدی سے تیار ہونا شروع ہوگئی اور اب يہاں لگ بھگ دس ملين کتابيں موجود ہيں۔ يہ لائبريری دوسری عالمی جنگ کے دوران نذر آتش ہو گئی تھی ليکن پھر کئی سال ميں اسے دوبارہ تعمير کيا گيا۔ آج يہ جرمنی کی مشہور ترين لائبريريوں ميں سے ايک ہے۔