1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قزاقستان سے روسی فوجیوں کی واپسی شروع

13 جنوری 2022

قزاقستان میں متعین روسی فوجیوں کا انخلا شروع ہو گیا ہے۔ ان روسی فوجیوں کو قازق حکومت کے مخالف مظاہروں کے دوران تعینات کیا گیا تھا۔ ان مظاہروں میں بے شمار افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔

https://p.dw.com/p/45Tsd
Kasachstan | Abzug russischer Truppen
تصویر: Vladimir Tretyakov/NUR.KZ via AP/picture alliance

روسی وزارت دفاع نے وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان میں متعین روسی افواج کے انخلا کی تصدیق کی ہے۔ شدید مظاہروں کے تناظر میں علاقائی عسکری اتحاد کولیکٹو سکیورٹی ٹریٹی آرگنائزیشن (CSTO) کی جانب سے روسی اور دیگر رکن ممالک کی افواج کی تعیناتی کی گئی تھی۔ روس کے قریب دو ہزار فوجی قزاقستان روانہ کیے گئے تھے۔

قزاقستان میں پرتشدد مظاہرے: ایک سو چونسٹھ ہلاکتیں، وزارت صحت

اس عسکری اتحاد کی قیادت روس کے ہاتھ میں ہے۔ سن 1992 میں اس فوجی اتحاد کے  قیام کے بعد پہلی مرتبہ امن دستوں کو کسی رکن ملک میں تعینات  کیا گیا ہے۔ اس اتحاد کے رکن ملکوں کی تعداد چھ ہے۔

Kasachstan | Abzug russischer Truppen
قازق شہر الماتی کے ہوائی اڈے پر روسی فوجیوں کو واپس لے جانے والا فوجی طیارہ پہنچ چکا ہےتصویر: Gavriil Grigorov/TASS/picture alliance

روسی وزارتِ دفاع کا بیان

ماسکو سے روسی وزارت دفاع کے بیان میں واضح کیا گیا کہ قزاقستان میں اہم تنصیبات کی نگرانی کے لیے روسی اور امن فوجی دستوں کو روانہ کیا گیا تھا۔ بیان کے مطابق اب جب  کہ مجموعی صورت حال بہتر ہو گئی ہے، اس لیے امن دستوں کے انخلا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ریجنل عسکری اتحاد کولیکٹو سکیورٹی ٹریٹی آرگنائزیشن سے امن فوجیوں کی تعیناتی کی درخواست قزاقستان کے صدر قاسم جومارات توکائیف نے کی تھی۔ ماسکو سے جاری ہونے والے بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ امن دستوں کے قزاقستان سے انخلا میں دس دن درکار ہوں گے۔

قزاقستان میں غداری کے شبے میں سابق انٹیلیجنس سربراہ گرفتار

اس مناسب فوجی مشن کے اختتام کی ایک باضابطہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔ عسکری اتحاد کے امن دستوں میں روس کے علاوہ بیلا روس، آرمینیا، تاجکستان اور کرغیزستان کے فوجی بھی شامل تھے۔ فوجی مشن کے اختتام کا اعلان فوجی اتحاد کے روسی کمانڈر جنرل اندری سردیئکوف نے ایک تقریب میں کیا۔

Proteste in Kasachstan | TV-Ansprache Präsident Toqajew
قزاقستان کے صدر قاسم جومارات توکائیف نے امن دستے کی تعیناتی کو 'نفسیاتی‘ اعتبار سے ایک اہم قدم قرار دیا تھاتصویر: President of Kazakhstan/REUTERS

نفسیاتی اہمیت

قزاقستان کے صدر قاسم جومارات توکائیف نے امن دستے کی تعیناتی کو 'نفسیاتی‘ اعتبار سے اپنے ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ یہ امر اہم ہے کہ رواں ماہ کے دوران قزاقستان کے مالیاتی مرکز الماتی میں ہزاروں افراد حکومت مخالف مظاہروں میں شریک تھے اور اس نے اس وسطی ایشیائی ریاست میں کسی حد تک عدم استحکام کی صورت حال پیدا کر دی تھی۔

حکومتی اندازوں کے مطابق ان مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ سے ملکی خزانے کو دو سے تین بلین ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

قزاقستان: لڑائی جاری، حالات پر کنٹرول کے لیے روسی قیادت میں فوج کی آمد

ان مظاہروں کے دوران ایک ہزار دو سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار شدگان میں کئی اہم حکومتی اہلکار بھی شامل ہیں۔ گرفتار کیے جانے والوں میں کم از کم تین صحافی بھی ہیں۔

قزاقستان میں مظاہروں اور روسی اثر و رسوخ کے حوالے سے امریکی تشویش بھی سامنے آ چکی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے قازق حکومت کو متنبہ کیا تھا کہ وہ روسی فوجیوں کی اپنے ملک میں تعیناتی سے گریز کرے۔

ع ح/ع ا (اے ایف پی، انٹرفیکس)