1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قفقاذ کے جہادی روس کو نشانہ بنائیں: شامی النصرہ فرنٹ

عابد حسین13 اکتوبر 2015

شام میں روسی سفارت خانے کے احاطے میں دو مارٹر گولے کرنے کا بتایا گیا ہے۔ دوسری جانب فضائی حملوں کے شروع ہونے کے بعد ایک شامی باغی گروپ نے قفقاذ کے انتہا پسندوں کو سرگرم ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Gn9X
تصویر: Reuters/K. Ashawi

خانہ جنگی کے شکار عرب ملک شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف مسلح کارروائیاں کرنے والے ایک اہم عسکری گروپ النصرہ فرنٹ نے روس کے قفقاذ علاقے کی مسلمان جمہوریاؤں کے عسکریت پسندوں سے کہا ہے کہ وہ متحرک ہو کر روسی عوام اور فوجیوں کو نشانہ بنائیں۔ بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے ساتھ وابستگی رکھنے والے النصرہ فرنٹ کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے روسی قفقاذ خطے کے مسلمان انتہا پسندوں سے کہا ہے کہ وہ شام پر روسی حملوں کے جواب میں ادلے کا بدلہ کے اصول پر اپنی کارروائیاں شروع کریں۔ الجولانی کا آڈیو پیغام کل پیر 12 اکتوبر کی شام جاری کیا گیا تھا۔

اُدھر دمشق میں دو مارٹر گولے روسی سفارت خانے میں گرنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ شامی دارالحکومت میں روسی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری ایلڈار قربانوف نے روسی نیوز ایجنسی تاس کو بتایا کہ گولوں کے گرنے سے کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔ لبنان کے شام نواز میڈیا گروپوں کے مطابق گولے اُس وقت سفارت خانے کے احاطے میں گرے جب روسی فضائی حملوں کی حمایت میں نکالی گئی ایک ریلی سفارت خانے کے باہر پہنچی تھی۔ بیس ستمبر کو بھی روسی سفارتخانے کے اندر ایک مارٹر شیل گرا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آج گرنے والے گولے ریلی پر پھینکے گئے تھے یا اِن کا نشانہ ایمبیسی تھی۔

Nusra Front Abu Mohammed al-Golani
النصرہ فرنٹ کے سربراہ ابو محمد الجولانی کی فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/AP Photo/Iraqi Government

شام اور عراق میں سرگرم جہادی و دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف برسرِ پیکار شامی باغیوں کے لیے امریکا نے فضا سے اسلحہ پھینکا ہے۔ امریکی ہوائی جہازوں نے پیراشوٹ کے ساتھ باندھ کر یہ اسلحہ نیچے کھڑے جہادیوں کی جانب پھینکا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کرنل پیٹرک رائیڈر نے بتایا کہ اتحادی افواج نے شمالی شام میں داعش کے خلاف لڑنے والوں کے لیے اسلحے کی فضائی سپلائی شروع کی ہے۔ رائیڈر کے مطابق یہ اسلحہ دو روز قبل اتوار کے روز پھینکا گیا تھا۔

انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شامی کردش پارٹی کے ورکروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کئی دیہات کے ہزاروں لوگوں کو زبردستی نقل مکانی پر مجبور کر چکے ہیں۔ شامی کردش پارٹی دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف قائم امریکی اتحاد کا حصہ ہے۔ ایمنسٹی کے سینیئر اہلکار لاما فقیہہ نے اِس جبری بیدخلی کو ناجائز اور غیرقانونی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جنگی حالات میں کسی با اختیار اتھارٹی کی عدم موجودگی میں شامی کردش پارٹی کے ورکرز بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ پارٹی کے ریسرچرز کے مطابق رواں برس اگست میں چودہ قصبوں اور دیہات کے باسیوں کو زبردستی بیدخل کیا گیا۔