قلعے، بیئر، اور بائے روئتھ شہر: جرمنی میں بالائی فرانکونیا کی سیر
جرمنی کے شہر بائے روئتھ میں رچرڈ واگنر فیسٹیول کا پچیس جولائی سے آغاز ہوتا ہے۔ ایک ماہ تک اِس معروف جرمن موسیقار کے تخلیقی نمونوں کو اسٹیج پر پیش کیا جاتا ہے۔ آئیے باویریا کے خوبصورت علاقوں کی سیر کرتے ہیں۔
بائے روئتھ فیسٹیول
رچرڈ واگنر فیسٹیول ہر سال بائے روئتھ کے ’فیسٹ اشپیل تھیئٹر‘ میں منعقد کیا جاتا ہے۔ سن 1876 میں اس فیسٹیول کی پہلی پرفارمنس مکمل طور پر ناکام ہوگئی تھی۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ واگنر کا اوپیرا کا تصور سماجی واقعات کی عکاسی کی شکل اختیار کرتا گیا۔ اب پوری دنیا سے واگنر کے مداح یہاں جمع ہوتے ہیں۔
بائے روئتھ
بائے روئتھ میں فیسٹیول کے علاوہ بھی بہت کچھ موجود ہے، خاص طور پر یہاں کی شاندار باروک عمارتیں۔ جس میں شہر کے مرکز میں واقع نیا محل، مارگراویئل اوپیرا ہاؤس، اور شاندار ڈیزائن کردہ باروک تھیئٹر شامل ہے۔ یہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کا مقام ہے۔ اس کے علاوہ ہرمیٹیج، ایک تاریخی پارک، شہر کے مضافات میں آنگن کے مانند دکھائی دیتا ہے۔
بامبرگ
بامبرگ کی سیر کرتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے قرونِ وسطیٰ کے کسی اوپن ایئر میوزیم میں ٹہل رہے ہیں۔ پورے اولڈ ٹاؤن کو یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا۔ پرانے ٹاؤن ہال کی یہ عمارت ایک مصنوعی جزیرے پر تعمیر کی گئی۔ یہ عمارت دریا کے دونوں اطراف آباد بشپس اور عام شہریوں کے درمیان سرحد کا کردار ادا کرتی تھی۔
کوبرگ
بائے روئتھ اور بامبرگ کے ساتھ ساتھ کوبرگ کا شمار بالائی فرانکونیا کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے۔ یہاں اکتالیس ہزار افراد مقیم ہیں۔ یہاں کا مقامی بازار اور نمائندگان کی عمارت ’ٹاؤن ہال‘ سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتی ہے۔
ویسٹے کوبرگ
کوبرگ میں واقع ڈیوکس کے قلع کو ’’فرانکونیا کا تاج‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ عرفیت کوئی اتفاق نہیں کیونکہ یہ جرمنی کے سب سے بڑے اور محفوظ ترین قلعوں میں سے ایک ہے۔ دیواریں، آہنی گیٹ اور دیگر دروازوں نے اس مقام کو ایک ناقابل تسخیر قلع بنا دیا۔ اب یہ ایک میوزیم ہے اور یہاں آرٹ کے اہم فن پارے موجود ہیں۔
اشٹافل بیرگ
کوبرگ کی طرح اشٹافل بیرگ کا بھی ایک عرفی نام ہے۔ ’’ماؤنٹ آف دی فرانکس‘‘ اپنی تیز ڈھلوان چٹانوں کی وجہ سے دور سے دکھائی دیتا ہے۔ کوہ پیمائی کے شوقین افراد کے لیےیہ ایک بہترین مقام ہے۔ تاہم کوہ پیماؤں کو صرف مخصوص راستوں سے اوپر چڑھنے کی اجازت ہوتی ہے۔ رومنستھال کے راستے سے پیدل سفر کیا جاسکتا ہے اور آس پاس کے علاقوں کے دلکش نظارے سے لطف ہوسکتے ہیں۔
چودہ مقدس مددگاروں کا باسیلیکا
اشٹافل بیرگ سے ’فیئرسیہن ہائیلیگن‘ نامی مقدس گرجا گھر دکھائی دیتا ہے۔ اس باسیلیکا کی زیارت کرنے والے افراد اکثر پوچھتے ہیں کہ اتنا متاثر کن چرچ جنگل کی بیچ میں کیوں واقع ہے؟ اس کی تعمیر ایک افسانے پر مبنی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہاں ایک چرواہے کے پاس چودہ بچے آئے تھے جنہوں نے معجزات دکھائے۔ نتیجتاﹰ یہاں مدد کے متلاشی افراد آنے لگے۔
فرانکونیائی سوئٹزرلینڈ
بالائی فرانکونیا میں ہائکنگ کے لیے فرانکونیائی سوئٹزرلینڈ ایک بہترین علاقہ ہے۔ 4500 کلومیٹر سے طویل ہائکنگ ٹریلز کئی خوبصورت دیہاتوں اور عجیب و غریب شکلوں والی چٹانوں سے گزرتے ہیں۔ چار ملین سالوں قبل یہ خطہ سمندر سے ڈھکا ہوا تھا جہاں چونے کے پتھروں کی تہیں جمع تھیں۔ کئی سالوں بعد فرانکونیائی سوئٹزرلینڈ میں ایسی چٹانیں تشکیل ہوگئیں۔
ایک ہزار بیئر کی سرزمین
فرانکونیا میں شراب بنانے کی کثافت دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ دس لاکھ کی آبادی میں تقریباﹰ دو سو بریوری اور ایک ہزار مختلف قسم کی بیئر ہیں۔ بیئر کے شوقین افراد کے لیے یہاں ہر ذائقے کی بیئر دستیاب ہے۔
فرانکونیا کے لذیذ پکوان
اگر کھانے کی بات ہو تو فرانکونیا کو ’’خوشی کا خطہ‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہاں کا مقامی کھانا کافی لذیذ ہوتا ہے۔ روایتی فرانکونیا کے مینو میں ساسیجز، خنزیر کا گوشت اور روسٹس شامل ہوتے ہیں۔ سبزی خور افراد کے لیے ’کلوس مِت ساس‘ یعنی گریوی کے ساتھ ڈمپلنگس دستیاب ہیں۔