1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاک ڈاون میں بھارتی فلمی ستاروں نے کیسے بنائی فلم؟

جاوید اختر، نئی دہلی
8 اپریل 2020

لاک ڈاون کی وجہ سے اپنے اپنے گھروں تک محدود رہنے کے باوجود بھارتی فلمی ستاروں نے باہم مل کرایک ایسی فلم بنائی ہے جس کے پس پردہ مقصد کی ہر کوئی تعریف کررہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3acKM
Indischer Bollywoodschauspieler Amitabh Bachchan
تصویر: AP

اس فلم کا پہلا پیغام ہے کہ ہر ایک کو لاک ڈاون کی حمایت اورپابندی کرنی چاہئے اور دوسرا پیغام ہے کہ پوری فلمی دنیا مصیبت کی اس گھڑی میں فلموں کی تیاری میں اہم رول ادا کرنے والے یومیہ مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم میں کام کرنے والا کوئی بھی اداکاراپنے گھر سے باہر نہیں نکلا، اس کے باوجود یہ شارٹ فلم نہ صرف ایک مکمل فلم ہے بلکہ اپنے مقصد کو پہنچانے میں بھی پوری طرح کامیاب ہے۔

بھارت میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے حکومتی اقدامات کے تحت 25مارچ سے جاری اکیس روزہ لاک ڈاون کی وجہ سے بھارتی فلم انڈسٹری پر بھی کافی برا اثر پڑا ہے۔

لاک ڈاون کی وجہ سے تمام سنیما ہال بند پڑے ہیں اس لیے جو فلمیں ریلیز کے لیے تیار تھیں ان کی تاریخ ملتوی کردی گئی ہے۔ دوسری طرف فلموں اور ٹی وی سیریلوں کی شوٹنگ بھی بند ہے۔ پرانے سیریلوں کو دوبارہ نشر کیا جارہاہے تاکہ لوگوں کی بیزاری کسی حد تک دورہوسکے اور ان کی تفریح کا تھوڑا سامان ہوسکے۔

فلمی صنعت کے بند ہوجانے کی وجہ سے جہاں بڑے بڑے اداکاروں، فلم سازوں اور ہدایت کاروں کی آمدنی بند ہوگئی ہے وہیں اس کا سب سے برا اثر فلموں اور ٹی وی سیریلوں کی تیاری میں نہایت اہم رول ادا کرنے والے یومیہ مزدوروں کی ہے۔

بھارت میں فلموں کی شوٹنگ کے دوان لائٹ مین، اسپاٹ بوائے، سیٹ تیار کرنے والے، جونیئر آرٹسٹ، کیمرہ اور دیگر سازوسامان کی دیکھ بھال کرنے والے، درزی، پینٹر اور دیگر چھوٹے موٹے کام کرنے والے لوگ یومیہ مزدوری کی بنیاد پر ہی کام کرتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ایسے افراد کی تعداد پانچ لاکھ سے بھی زیادہ ہے۔

Indien Lucknow Filmdreh
تصویر: DW

فلموں کی شوٹنگ بند ہونے کے بعد بالی وڈ سے وابستہ کئی افراد نے یومیہ مزدوروں کی مدد کا اعلان کیا۔ سونی ٹی وی نے اس حوالے سے ایک انوکھی پہل کی ہے۔ اس نے ایک ایسی شارٹ فلم تیار کی جو لاک ڈاون کے دوران اس طرح بنائی گئی ہے کہ اس میں کام کرنے والے تمام اداکاروں کو اپنے اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آئی۔

چار منٹ 35 سیکنڈ کی اس فلم میں ہندی، تیلگو، تمل‘ کنڑ، ملیالم، پنجابی اور بنگلہ فلموں کی کئی نمایاں شخصیات نے اداکاری کی ہے۔ ان میں امیتابھ بچن، رجنی کانت، رنبیر کپور، پرینکا چوپڑا، عالیہ بھٹ، چرنجیوی، موہن لال، مموٹی، سونالی کلکرنی، پروسین جیت چٹرجی، شیوا راج کمار اور دل جیت دوسانجھ شامل ہیں۔

ان تمام اداکاروں نے اپنے اپنے گھروں میں ہی شوٹ کیا اور بعد میں ایڈیٹنگ کے ذریعہ تمام ریکارڈنگس کو ایک ساتھ ملا کر فلم بنادی گئی ہے۔اس شارٹ فلم کے ذریعہ دو پیغامات دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ پہلا پیغام ہے کہ ہر ایک کو لاک ڈاون کی حمایت اورپابندی کرنی چاہیے۔ کیونکہ کووڈ انیس سے گھر پر رہ کر ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ دوسرا پیغام ہے کہ پوری فلمی دنیا مصیبت کی اس گھڑی میں فلموں کی تیاری میں اہم رول ادا کرنے والے یومیہ مزدوروں کے پیچھے ایک خاندان کی طرح کھڑی ہے۔ پوری فلم انڈسٹری نے ان مزدورو ں کے لیے کچھ رقم جمع کی ہے اور اس سے ان کی مدد کی جائے گی۔

جاوید اختر، (چارو کارتکیہ)، نئی دہلی