لیڈی گاگا گڑ گاؤں میں گائیں گی
25 ستمبر 2011منتظمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لیڈی گاگا اور امریکی ہیوی میٹل میوزیکل بینڈ میٹالیکا 28 اکتوبر کو ریاست ہریانہ کے گڑ گاؤں نامی علاقے میں ایک کنسرٹ میں جلوہ گر ہوں گے۔ 25 سالہ لیڈی گاگا کا اصلی نام سٹیفھنی ہے، جو اپنے بیشتر گانوں کے شعر بھی خود تحریر کرتی ہیں۔ انہیں 2008ء میں اپنے پہلے ہی البم The Fame سے عالمگیر شہرت ملی۔ ان کے مداحوں میں ایک بہتر بڑی تعداد ہم جنس پرستوں کی ہے، جن کے حقوق کے لیے وہ آواز بھی بلند کرتی رہتی ہیں۔
گراں پری ریس کے سلسلے میں رواں سال کی یہ 17 ویں ریس ہوگی۔ اس کے لیے ریاست اتر پردیش میں گریٹر نوآڈا کا علاقہ منتخب کیا گیا ہے، جہاں بدھ انٹرنیشنل سرکٹ پر یہ بین الاقوامی مقابلہ منعقد ہوگا۔
ریس کی منتظم Jaypee سپورٹس انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شائقین کی دلچسپی کے لیے موسیقی کا یہ میلہ منعقد کر وایا جا رہا ہے۔ اس فارمولا ون ریس کے لیے ٹکٹ کی کم از کم قیمت 25 سو اور زیادہ سے زیادہ 35 ہزار بھارتی روپے رکھی گئی ہے۔
تین روزہ ان مقابلوں کا ٹکٹ خریدنے والوں کو موسیقی کے میلے سے لطف اندوز ہونے کے لیے علیٰحدہ سے ٹکٹس لینا ہوں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ کم از کم نرخ والے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔ ریس کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ ٹکٹس کی فروخت کی امید کی جارہی ہے، جن میں سے قریب 20 ہزار فروخت ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت 1997ء سے اس کوشش میں ہے کہ اپنے یہاں گراں پری ریس کا انعقاد کر واسکے۔ 2003ء تک بھارت کے پاس چنائے اور کوئیم باٹور کے علاقوں میں ریسنگ ٹریکس موجود تھے۔ اس کے ساتھ بینگلور، ممبئی اور آندھرا پرادیش میں بھی اس مقصد کے لیے زمین مختص کی گئی تھی۔
2004ء میں فارمو ون کے چیف بیرنی ایکلسٹون کو امید تھی کہ اگلے تین سال کے اندر ہی بھارت میں ریس کا انعقاد ممکن ہوسکے گا مگر بعض وجوہات کی بناء پر ایسا نہ ہوسکا۔ اس کے بعد حیدرآباد میں ریس کے لیے مختص زمین پر آئی ٹی پارک تعمیر کر دیا گیا۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ انڈین اولمپک ایسوسی ایشن اور فارمولا ون ریس کے منتظمین بالآخر اس ریس کے بھارت میں انعقاد کے حتمی فیصلے پر متفق ہوگئے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عصمت جبیں