ماحول دوستی کے آٹھ طریقے
کار چلانے کے بجائے سائیکل پر منتقل ہونا ایک ماحول دوست عمل ہے۔ درج ذیل طریقوں سے ماحول دوست بنا جا سکتا ہے.
سفر ذمہ داری سے کریں
ایک مقام سے دوسری جگہ جانے کے لیے پیدل چلنا یا سائیکل کا استعمال کاربن اخراج میں کمی کا باعث ہو گا۔ یہ ایک صحت مندانہ سرگرمی بھی ہو گی۔ اس سے مراد یہ نہیں کہ آپ اپنی سالانہ چھٹیاں استعمال ہی نہ کریں بلکہ کاربن فری سفری مہم ممکن ہو سکتی ہے۔
مناسب شاپنگ پر توجہ مرکوز رکھیں
شاپنگ میں بھی احتیاط کریں کہ کونسی شے زمین کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ ماحول دوست اشیا کی خریداری ایک مناسب قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔ ذمہ داری کے ساتھ ایسی اشیا کی تشہیر بھی کریں جو ماحول کے لیے بہتر ہوں۔ اس تناظر میں استعمال شدہ اشیا کے خریدنے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔
خوراک ضائع کرنے سے گریز کریں
کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں پیدا ہونے والی ایک تہائی خوراک ضائع ہو جاتی ہے۔ خوراک کا استعمال احتیاط سے کیا جائے تو دنیا بھر میں ضائع ہونے والی خوراک کے حجم میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ بچی ہوئی خوراک پھینکنے کے بجائے اسے بدیر کھا لینا بہتر ہے۔ ضائع شدہ خوراک کو مکان کے صحن میں دفن کرنے سے عمدہ کھاد بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ضرورت کے مطابق بتیاں روشن کریں
بجلی کے استعمال کو محدود کرنا بھی ماحول دوستی ہے۔ ضرورت کے مطابق بتیاں روشن کریں۔ لیپ ٹاپ کو استعمال کے بعد پوری طرح شٹ ڈاؤن کرنا ضروری ہے۔ اسی طرح ٹیلی وژن کا بھی بے جا دیکھنا بینائی کے مضر اور صحت دوستی نہیں۔ توانائی ضرورت مطابق استعمال کی جائے تو یہ زمین کے لیے بھی بہتر ہے۔
ماحول دوستی کے حق میں آواز بلند کریں
اگر آپ نے ابھی تک ماحول دوستی کے لیے آواز بلند نہیں کی تو اب عملی طور پر گلوبل کلائمیٹ ایکشن کا حصہ بن جائیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ سڑکوں پر مظاہرے شروع کر دیے جائیں بلکہ دوستوں، احباب اور ہمسایوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگہی اور معلومات دینا بھی ایک بہترعمل ہے۔
صحت بخش خوراک کھائیں
صحت مند زندگی بسر کرنے کے لیے آرگینک خوراک کا انتخاب اب اہم ہو چکا ہے۔ زمینی ماحول کے لیے بہتر سمجھی جانے والی اشیا کھائیں۔ زمین پر جنگل بردگی کی ایک بڑی وجہ مال مویشیوں کا پالنا خیال کیا جاتا ہے۔ یہ پالتو جانور کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے کا بھی بڑا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں۔ ماحول دوست خوراک کھانا زمین سے دوستی ہے۔
ری سائیکل اور صرف ری سائیکل
ری سائیکلنگ اس وقت ایک اہم معاملہ ہے۔ یاد دہانی کے طور پر بتانا ضروری ہے کہ پلاسٹک آلودگی سے اجتناب کریں۔ پلاسٹک کی مصنوعات سمندروں کے لیے بھی شدید نقصان دہ ہیں۔ کئی اشیا کو آپ ری سائیکل کر کے گھریلو اشیا بنا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر پلاسٹک کی ایک بوتل لیمپ یا جانور کے فیڈر کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہے۔
فطرت سے محبت پیدا کریں
زمین دوستی کا ایک بہتر عمل فطرت سے محبت کرنا ہے۔ گھروں سے نکل کر قدرتی حسن کا مشاہدہ اور سحر انگیز مناظر کی تلاش ایک بہترین سرگرمی ہے۔ اس سیاحتی مہم کا ماحول پر براہ راست کچھ اثر نہ بھی ہو لیکن آپ کے دل میں قدرتی ماحول سے محبت پیدا ہو گی۔ ایسے فطری ماحول کا تحفظ ضروری ہے۔ یہ ماحول دوستی بھی ہے۔