ماسکو بم دھماکے میں روسی فوج کے سینیئر جنرل کی ہلاکت
17 دسمبر 2024روس کی تفتیشی کمیٹی کا کہنا ہے کہ منگل کے روز دارالحکومت ماسکو میں ایک بم دھماکے میں ایک سینیئر جنرل ہلاک ہو گئے، جو روسی نیوکلیئر پروٹیکشن فورسز کے سربراہ تھے۔
تحقیقاتی کمیٹی کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’’روسی فیڈریشن کی مسلح افواج میں تابکاری، کیمیائی اور حیاتیاتی تحفظ کے دستوں کے سربراہ ایگور کیریلوف اور ان کے معاون کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔‘‘
روسی علاقے کُرسک میں شمالی کوریا کے تیس فوجی مارے گئے، یوکرینی خفیہ سروس
روسی حکام کے مطابق کیریلوف ایک لیفٹیننٹ جنرل تھے، جو روس کے نیوکلیئر، بائیولوجیکل اور کیمیکل پروٹیکشن ٹروپس کے سربراہ تھے۔
روس کے سرکاری میڈیا کے مطابق اس دھماکے میں کم از کم ایک اور شخص بھی ہلاک ہوا ہے۔ ہلاک ہونے والا یہ شخص جنرل ایگور کیریلوف کا اسسٹنٹ تھا۔
روسی آئل تنصیب پر یوکرینی ڈرون حملہ
گھر میں تیار کی گئی ڈیوائس سے دھماکہ
یہ دھماکہ کریملن سے تقریباً 7 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مشرق میں ایک رہائشی عمارت کے باہر ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس دھماکے کے لیے گھریلو ساختہ ڈیوائس استعمال کی گئی۔ بم مبینہ طور پر ایک الیکٹرک اسکوٹر کے اندر نصب کیا گیا تھا۔
میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام پر اس حوالے سے جو تصاویر شیئر کی گئی ہیں، اس میں عمارت کا تباہ شدہ داخلی راستہ، ملبہ اور خون آلود برف دیکھی جا سکتی ہے۔
يوکرين پر حملوں ميں شمالی کوريائی دستے بھی ملوث، زيلنسکی
کیریلوف پر لگے الزامات
پیر کے روز یوکرین کے حکام نے کیریلوف پر مبینہ طور پر یوکرین میں ممنوعہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے الزام میں ان کی غیر حاضری میں فرد جرم عائد کی تھی۔
یوکرین کی سکیورٹی سروس نے ایک بیان میں اس کی تصدیق کی تھی، تاہم روس نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
روسی یوکرینی جنگ: برہنہ احتجاج کرنے والی خواتین گرفتار
اکتوبر میں برطانیہ نے کریلوف اور ان کی افواج پر، فسادات پر قابو پانے والے ایجنٹ کے استعمال اور میدان جنگ میں زہریلی گھٹن کے ایجنٹ کلوروپکرین کے استعمال کے دعووں کے بعد پابندی لگا دی تھی۔ دریں اثناء روسی حکام نے کہا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کیے جارہے ہیں۔
ص ز/ ک م (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈي پی اے)