1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافریقہ

مالی: سابق وزیر اعظم پر بغاوت کا الزام

1 جنوری 2021

مغربی افریقی ملک مالی میں حکام نے سابق وزیر اعظم بوبو سیس سمیت چھ افراد کے خلاف ملک میں بغاوت کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3nQOY
Paris Mali PM Boubou Cisse  2019
تصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Mori

مالی کے سرکاری دفتر استغاثہ نے جمعرات کے روز بتایا کہ'حکومت کے خلاف منصوبہ بندی، مجرمانہ شراکت، ملک کے سربراہ کی توہین اور جرم میں معاونت کرنے‘ کے الزامات کے تحت چھ افراد کے خلاف تفتیش ہو رہی ہے۔

ان چھ افراد کا قانونی دفاع کرنے والے ایک گروپ نے بتایا کہ ان لوگوں میں سابق وزیر اعظم بوبو سیس بھی شامل ہیں، جن پر 'بغاوت کی کوشش‘ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

خبر رسا ں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سیس کو چھوڑ کر بقیہ پانچ ملزمین پولیس کی تحویل میں ہیں تاہم یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے۔

حکومت کے خلاف کئی ہفتوں تک چلنے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد نوجوان آرمی افسروں نے 18 اگست کو صدر ابراہیم بو بکر کیتا کو اقتدار سے باہر کردیا تھا۔

بین الاقوامی پابندیا ں عائد ہوجانے کے خطرے کے مدنظر فوج نے اقتدار ایک نگراں ادارے کو سونپ دیا تھا جو امید ہے کہ آئندہ انتخابات ہونے تک اگلے 18 ماہ تک نظم و نسق سنبھالے گا۔

ملک میں اصلاحات کی رفتار کے سلسلے میں عوام میں مایوسی ہے نیز عبوری ادارے میں فوج کا غلبہ کے الزامات بھی عائد کیے جارہے ہیں۔

Mali Ibrahim Boubacar Keita
فوج نے 18 اگست کو صدر ابراہیم بو بکر کیتا کو اقتدار سے باہر کردیا تھا۔تصویر: AFP/L. Marin

بغاوت کا یہ مبینہ معاملہ دسمبر میں مالی کی انٹلیجنس سروس، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف اسٹیٹ سروسز، کی جانب سے سلسلے وار گرفتار یوں کے بعد سامنے آیا تھا تاہم پورے معاملے پر اب بھی پردہ پڑا ہوا ہے۔

جن اہم افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، مشاہدین اس پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔

حکام نے سابق وزیر اعظم سیس کے ساتھ محمد یوسف باتھیلی کو بھی گرفتار کیا ہے۔ وہ 'راس باتھ‘ کے نام سے مشہور ہیں اور ریڈیو کے متنازعہ میزبان رہے ہیں اور ان کے چاہنے والوں کی کافی تعدا د موجود ہے۔  جن دیگر افراد پر الزامات عائد کیے گئے ہیں ان میں وائٹل رابرٹ ڈیوپ بھی شامل ہیں۔ ڈیوپ جوئے کا کاروبار چلانے والے ایک گروپ کے ڈائریکٹر جنرل بھی ہیں۔

فرانسیسی سرکاری ریڈیو آر ایف آئی نے بتایا کہ وزارت خزانہ کے دو اعلی عہدیداروں اور ایک سرکاری فائنانس ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

استغاثہ نے ان پر'ملک کی داخلی سلامتی پر حملہ کرنے‘، ایک جرائم پیشہ گروپ کے ساتھ تعاون کرنے اور نگران انتظامیہ کے خلاف 'سبوتاز کے اقدامات‘ کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

رچرڈ کونور/  ج ا /  ص ز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں