مالیاتی بحران کا فوری حل ممکن نہیں، میرکل
2 دسمبر 2011میرکل نے جرمن پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ یورپی یونین اپنی تاریخ کے ایک بہت کڑے وقت سے گزر رہی ہے۔ اگلے ہفتے برسلز میں یورپی یونین کا ایک سربراہی اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس تناظر میں انگیلا میرکل کے جرمن پارلیمان سے خطاب کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ جرمن چانسلر کے بقول یورو بحران کو فوری طو رپر حل نہیں کیا جا سکتا۔
حکومتی وضاحتی بیان دیتے ہوئے میرکل کا کہنا تھا کہ یہ بحران اندازوں سے کہیں زیادہ شدید ہے۔’’جرمن حکومت پہلے ہی یہ واضح کر چکی ہے کہ یورپی مالیاتی بحران ایک رات میں حل نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ایک طویل عمل ہے اور اس میں سالوں لگ سکتے ہیں‘‘۔
ساتھ ہی میرکل نے مزیدکہا کہ معیشت کو مضبوط کرنے اور یورو کرنسی کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں۔ اس موقع پر جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ یورپی یونین میں ریاستی قرضوں کو گرفت میں رکھنے اور مزید کسی مالیاتی بحران سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ یورپی معاہدے میں اصلاحات لائی جائیں۔
جرمن اپوزیشن نے یورپی مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو ناکافی قرار دیا۔ سوشل ڈیموکریٹک رہنما فرانک والٹر اشٹائن مائر نےکہا کہ حکومت نے سست روی کے ساتھ اس بحران کو حل کرنے کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا ’’ میرکل صاحبہ، مالیاتی بحران کی موجودگی کے حوالے سے کوئی بھی آپ پر الزام عائد نہیں کر رہا لیکن اس سے نمٹنے کا آپ کا طریقہ کار غیر موزوں ہے‘‘۔
میرکل کے بقول اس بحران کو حل بھی کیا جا سکتا ہے اور مزید کسی بحران سے بچنا بھی ممکن ہے تاہم اس حوالے سے درست سمت میں اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر یورو زون میں استحکام لانے کی کوششوں میں جرمن تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نےکہا کہ یورو کرنسی کے دفاع کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے میرکل کا کہنا تھا کہ مالیاتی بحران سے یورو کرنسی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور یورپی یونین اور خاص طور پر یورو گروپ میں شامل ممالک کو عالمی منڈیوں میں اپنی ساکھ کو بحال کرنے میں وقت لگے گا۔ اس تناظر میں سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: حماد کیانی