1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ماں قابل عبادت ہے‘ ترکمانی صدر کی نئی کتاب مقبول

29 جون 2018

ہر مذہب اور معاشرت میں ماں کا احترام کیا جاتا ہے اور کرنے کی تلقین بھی کی جاتی ہے۔ وسطی ایشیائی ریاست ترکمانستان کے صدر نے اسی موضوع پر ایک کتاب تحریر کی ہے۔ وہ کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔

https://p.dw.com/p/30Yzz
Präsident Turkmenistan Gurbanguly Berdimuhamedow
تصویر: Imago

سابقہ سوویت یونین کی جمہوریہ اور وسطی ایشیا کی خود مختار ریاست ترکمانستان کے منصبِ صدارت پر تقریباً گیارہ برس سے قربان قلی بردی محمدوف براجمان ہیں۔ وہ تیس کے قریب کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ اُن کی زیادہ تر کتب شاعری پر مبنی ہیں۔ وہ دانتوں کے ماہر ڈاکٹر ہیں اور اس شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔

ترکمانستان کی صدارت سنبھالنے کے بعد سے اُن کی کتابیں تواتر سے شائع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کتابیں لکھنے کے شوق میں سات جلدوں پر مبنی ایک انسائیکلوپیڈیا بھی مرتب کیا ہے۔ اس انسائیکلوپیڈیا میں ترکمانستان میں پائے جانے والے ایسے پودوں کے خواص بیان کیے ہیں، جو علاج معالجے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

اُن کی تازہ تصنیف ماں کے بارے میں ہے اور یہ انہوں نے اپنی والدہ کے نام معنون کی ہے۔ اس کتاب کا عنوان ’ماں کی عبادت: ایک مقدس شے کی عبادت‘ رکھا گیا ہے۔ ترکمانی میڈیا کے مطابق موضوع کے اعتبار سے یہ کتاب ملکی معاشرت میں بہت مقبول ہو گی کیونکہ اس معاشرے میں ماں کو مرکزیت حاصل ہے۔

Turkmenistan Denkmal Präsident Gurbanguly Berdimuhamedow
ترکمانی صدر قربان قلی بردی محمدوف کیئی یادگاریں اُن کی زندگی ہی میں تعمیر کی جا چکی ہیںتصویر: picture-alliance/Tass/V. Sharifulin

اس کتاب میں ترکمانی صدر نے سوویت یونین دور میں وسطی ایشیائی معاشرت میں ماؤں کی جد وجہد پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔ قربان قلی بردی محمدوف کی والدہ کا نام اوغولت بردی محمدوف تھا۔ وہ سن 1937 میں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے کمیونسٹ دور میں چھ بچوں کی مشکل حالات میں پرورش کی تھی۔

قربان قلی نے کتاب میں واضح کیا کہ ان کی والدہ سخت گیر ضرور تھیں لیکن مساوات اور پرورش میں برابری کے اصول کی قائل تھیں۔ بعض ناقدین کے مطابق بردی محمدوف کی کتاب سابق صدر صفر مراد نیازوف کے اپنی ماں سے محبت کا تسلسل ہے۔ نیازوف بھی خود کو کھلے عام اپنی ’والدہ کا وفادار‘ قرار دیتے تھے۔

صدر قربان قلی بردی محمدوف کی کتاب کی تشہیر اور اُس پر تبصروں کا سلسلہ دارالحکومت عشق آباد (اشک آباد) سمیت دوسرے شہروں کے ذرائع ابلاغ پر جاری ہے۔ یہ کتاب ترکمانی، روسی اور انگریزی میں بیک وقت شائع کی جائے گی اور اس کی قیمت پندرہ ڈالر تجویز کی گئی ہے۔

دارالحکومت عشق آباد کی ایک خاتون ٹیچر گُل نبات یاگمُوروا کا کہنا ہے کہ عنوان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کتاب میں ایک ماں کے بارے میں بہت ساری معلومات ہیں اور یہ عام لوگوں کے لیے مفید ہو سکتی ہیں۔ خاتون ٹیچر نے ایسا خیال ظاہر کیا ہے کہ کتاب کا تعلق ماں کے احترام سے ہے اور یہ اسکولوں کے نصاب میں شامل کی جا سکتی ہے۔